پاور رینجرز ٹی وی سیریز کے "ٹومی اولیور" نے مبینہ طور پر خود کشی کرلی
آسٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاور رینجرز ٹی وی سیریز میں ٹومی اولیور کا کردار ادا کرنے والے اداکار جیسن ڈیوڈ فرینک 49 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ان کے منیجر جسٹن ہنٹ نے خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس(اے پی) کو تصدیق کی کہ اداکار ہفتے کے روز امریکی ریاست ٹیکساس میں انتقال کر گئے۔ منیجر نے انہیں ایک 'حیرت انگیز انسان' کے طور پر بیان کیا۔ اگرچہ موت کی کوئی وجہ فراہم نہیں کی گئی تاہم ٹی ایم زیڈ کے مطابق فرینک کی موت ٹیکساس میں خودکشی سے ہوئی۔
فرینک کا کردار شو کے پہلے سیزن میں گرین رینجر کے طور پر شروع ہوا تھا اور اسے ناظرین کے سامنے پاور رینجرز کے دشمن کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔ لیکن بعد میں وہ اچھا ہو گیا اور بالآخر وائٹ رینجر میں تبدیل ہو گیا۔
مائٹی مورفن پاور رینجرز کا آغاز 1993 میں فوکس کڈز چینل پر ہوا اور ابتدائی طور پر تین سال تک نشر کیا گیا۔ یہ فرنچائز اگلے سالوں میں نئی موافقت کے ساتھ جاری رہی۔ فرینک اکثر سیریز میں اپنے کردار پر واپس آئے اور شو کے مداحوں میں پسندیدہ بن گئے۔ شو میں فرینک کے ساتھی اداکاروں میں سے ایک والٹر جونز نے انسٹاگرام پر لکھا: 'یقین نہیں آ رہا... جیسن ڈیوڈ فرینک ۔ ہمارے خصوصی خاندان کے ایک اور رکن کو کھونے پر میرا دل دکھی ہے۔'