بہن اپنی پسند کی شادی کرنا چاہتی ہے ،کیا اسکی مدد کے لئے میں یہ تسبیح پڑھ لوں ؟

بہن اپنی پسند کی شادی کرنا چاہتی ہے ،کیا اسکی مدد کے لئے میں یہ تسبیح پڑھ لوں ؟
بہن اپنی پسند کی شادی کرنا چاہتی ہے ،کیا اسکی مدد کے لئے میں یہ تسبیح پڑھ لوں ؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سوال۔میری بڑی بہن اپنے کولیگ سے پسند کی شادی کرنا چاہتی ہے جبکہ والدین اس پر راضی نہیں۔والدین صرف ذات برادری کے چکر میں پڑے ہیں حالانکہ لڑکا شریف اور قابل انسان ہے ۔امی ابو کو سمجھانے کی پوری کوشش کرچکے ہیں ۔بہن کہتی ہے کہ وہ شادی کرے گی اور اسی لڑکے سے ،استخارہ کرکے بتادیں کہ اس کا انجام کیا ہوگا ؟ آپ نے کسی کو یہ تسبیح بتائی تھی کہ عزت و آبرو کے تحفظ کے لئے روزانہ یاعزیز یاجبار کی تسبیح گیارہ سو بار دل میں پڑھا کرے تو کیا میں اپنی بہن کے لئے یہ وظیفہ کروں تاکہ والدین اور بہن کے درمیان کوئی تناو پیدا نہ ہو اور عزت نہ اچھلے۔(ثنا ،گوجرانوالہ )
جواب ۔ماشا اللہ آپ کی نیت اور کوشش بہت اچھی ہے ۔یہ تسبیح پڑھ کر دعا کیا کریں اور کوشش کریں کہ آپ کی بہن بھی یہ تسبیح پڑھا کرے ۔استخارہ کی رو سے شادی ہونے کے امکانات ہیں اور دونوں طرف کے افراد کو اللہ کی جانب رجوع کرنے کا اشارہ ملتا ہے ۔یعنی والدین اور بہن کو اللہ سے مدد مانگنی چاہئے۔امید ہے اس معاملہ میں والدین اور بیٹی کے درمیان ابہام جلد ختم ہوجائے گا ۔

کنٹریکٹ جاب ختم ہونےو الی کیا کروں ؟

سوال۔میں ایک نجی فرم میں کنٹریکٹ پر ملازم ہوں اور میرا کنٹریکٹ دوماہ بعد ختم ہوجائے گا ۔سنا ہے کہ کمپنی لوگوں کو فارغ کردے گی حالانکہ میرا کام ایسا ہے کہ کمپنی اسکی تعریف بھی کرتی ہے لیکن میں بہت پریشان ہوں کہ نوکری چلی جائے گی تو کیا کروں گا ۔مجھے کیا کرنا چاہئے،استخارہ کرکے بتادیں اور تسبیح بھی دیں (عفان احمد ،شارجہ)
جواب۔اللہ کی دنیا اتنی چھوٹی نہیں جتنی سمجھ لی گئی ہے ۔آپ کے استخارہ میں یہی اشارہ ملا ہے کہ آپ نے اللہ کی نعمتوں کا احاطہ نہیں کیا ۔اپنا یقین کامل کریں اور قابلیت کے مطابق کسی اور جگہ بھی اپلائی کریں ۔اس سے بہتر ہے کہ آخر وقت کا انتظار کیا جائے ،ابھی دو ماہ یعنی ساٹھ دن باقی ہیں اور ان ساٹھ دنوں میں آپ چاہیں تو کئی جگہ اپلائی کرسکتے ہیں۔آپ یہ تسبیح روزانہ پڑھا کریں ۔گیارہ سو بار یا مالک یا رزاق ،اول آخر درود پاک کے ساتھ ،اس دوران کوئی خواب آئے تو لازمی سنائیں ۔

بیرون ملک جانا مفید رہے گا اور اسکے لئے کیا عمل کروں؟

سوال۔میں نے ایم بی بی ایس کیا ہے اور میں چاہتا ہوں کہ انگلینڈ جا کر مزید تعلیم حاصل کروں اور مستقل وہیں سیٹل ہوجاوں ۔کیا یہ فیصلہ مستحسن ہوگا ،مجھے کیا روحانی عمل کرنا چاہئے (ڈاکٹر عمران علی،پشاور)
جواب۔استخارہ میں ہجرت کا اذن ملتا ہوا نظر آتا ہے،اللہ کی رضا سے اس میں برکت ہوگی اور آپ جس ملک میں بھی جائیں گے کامیابی ہوگی۔ساری زمین اللہ کی ہے ،اس لئے فکر مند نہیں ہونا چاہئے ،ہجرت میں بہت ثواب بھی رکھا گیا ہے ۔اس غرض سے ظاہر ہے آپ کو متعلقہ مملک کے ویزہ پراسس کو مکمل کرنا ہوگا۔آپ روحانی تقویت کے لئے یہ تسبیح روزانہ اکیس سو بار دل میں پڑھا کریں ،یا واسع یا علیم۔۔۔اول آخر درود پاک تین تین بار ۔

شوہر کی بدزبانی سے تنگ ہوں ،کیا خلع ہی اسکا حل ہے ؟

سوال۔میرا شوہر اوّل روز سے میرے ساتھ بدزبانی کرتاآرہا ہے ۔انتہائی ننگی گالیاں دیتا ہے ۔لڑکیوں سے عشق لڑ اتا ہے اور آکر مجھے قصے بھی سناتا ہے ۔میں بڑا جبر کرتی آرہی ہوں ۔میرے دو بچے ہوچکے ہیں لیکن اسکی بدسلوکی سے میں تنگ ہوں ۔میں خود ایم ایس سی ہوں ،اور ٹیچنگ کرچکی ہوں ۔کیا بہتر نہیں ہوگا کہ میں اس سے خلع لیکر اپنی زندگی سکون سے گزاروں ؟(فرزانہ شمیم ،لاہور)
جواب۔یہ ہمارے مردوں کا بہت بڑا المیہ ہے کہ وہ بازاری ذہنیت کے ساتھ اپنے گھروں کو بھی برباد کردیتے ہیں ۔خدا آپ کے شوہر کو ہدایت دے ،اسکا بہتر فیصلہ آپ اپنے والدین سے ڈسکس کرکے کریں کیا ہونا چاہئے۔استخارہ کی رو سے تو یہ اشارہ ملتا ہے کہ بلاشبہ اللہ ہی سب کا والی اور کارساز ہے ۔اس سے یہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ آپ الگ ہونا چاہیں تو آپ پر مالی تنگ نہیں آئے گی ۔لیکن اپنے کسی انتہائی فیصلہ سے پہلے آپ یہ تسبیح کریں ،تاکہ فیصلہ کرنے اور حالات میں بہتری آنے کی امید پیدا ہوجائے ۔یا قابض روزانہ تین سو تیرہ بار پڑھ کر شوہر کی اصلاح کے لئے دعا کیا کریں،اسکی بدزبانی بحکم اللہ ختم ہوجائے گی (ان شا اللہ)

(استخارہ کے ذریعے ہر طرح کے معاملات کے حل میں رہ نمائی حاصل کرنے کے لئے اپنا نام ،والدہ کا نام ،شہر،کاروبار ،عمر مفصل سوال لکھ کر ای میل کریں ،جواب باری آنے پر دیا جائے گا systemtoday14@yahoo.com )

مزید :

روشن کرنیں -