خیبرپختونخوا کے کاروباری وفد کا ایس آئی ایف سی کا دورہ ، کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر غور
لاہور ( طیبہ بخاری سے )خیبرپختونخوا کے کاروباری وفد نےایس آئی ایف سی کا دورہ کیا ۔خیبرپختونخوا کے مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والے کاروباری افراد وفد کا حصہ تھے۔
ایس آئی ایف سی اجلاس میں متعلقہ شعبوں کی ترقی اور تجارتی فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا کی کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر غورکیا گیا ۔اجلاس میں مختلف صنعتوں، آئی ٹی، توانائی، سیاحت، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں سے متعلق اہم پالیسی امور زیر بحث آئے۔
ایس آئی ایف سی نے صنعتی و اقتصادی ترقی کے لیے وفاقی و صوبائی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔خیبرپختونخوا کے کاروباری وفد نے ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا ۔
وفد میں شامل کاروباری شخصیات نے کہا کہ یہ اہم اجلاس خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہو گا ، اجلاس میں ایس آئی ایف سی کی معاونت سے معیشت کی بحالی اور ترقی کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔