پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ سے سبکدوش ہونے والے قونصلر ارشد منیر کے اعزاز میں عشائیہ
جدہ (محمد اکرم اسد) پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے کہا ہے کہ قونصلیٹ کے پریس سیکشن نے اسکے سبکدوش ہونے والے پریس قونصلر ارشد منیر کی قیادت میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات بھرپور انداز میں ادا کیں جو قابل تعریف ہے چاہے وہ مسلۂ کشمیر ہو، حکومتی کارکردگی ہو، کمیونٹی کے مسائل کے حل کو اجاگر کرنے اور انہیں کمیونٹی تک معلومات کو بروقت پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا اور خصوصاً کورونا وائرس کی معلومات سے آگاہی دلانے کے لیے میڈیا کا بر وقت استعمال کیا جس سے کمیونٹی کو بروقت معلومات ملتی رہیں جو قابل تحسین ہے، وہ یہاں اسپنزر میں پاکستان جرنلسٹس فورم کی طرف سے پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ سے سبکدوش ہونے والے قونصلر (پریس) ارشد منیر کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔
قونصل جنرل نے کہا کہ ارشد منیر نے قونصلیٹ اور صحافیوں کو قریب لانے میں بھی اہم کردار ادا کیا جسکے لئے انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور انکے اچھے مستقبل کے لئے دعا گو ہیں تقریب میں قونصلر خالد عظیم ، منسٹر کوآرڈینیشن ابو نصر شجاع ، فورم کے عہدیداران اور ممبران نے شرکت کی، اس موقع پر ارشد منیر نے تمام شرکاء اور پی جے ایف کا تقریب کی میزبانی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اور میری اہلیہ اپنے قیام کی اچھی یادوں کو اپنے ساتھ لیکر جا رہے ہیں ۔ میں سعودی عرب کے امن اور اس کے عوام کی خوشحالی کی دعا کرتا ہوں۔ پاکستان جرنلسٹس فورم کے چئیرمین امیر محمد خان نے تمام مہمانوں کا خیرمقدم کیا ، انھوں پی جے ایف اور ارشد منیر کے مابین قریبی روابط پر روشنی ڈالی اور انھیں جدہ میں اپنے 3 سالہ دور ملازمت کی کامیاب تکمیل پر فورم کی طرف سے مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے پریس سیکشن کی خدمات کو بہتر بنانے ، سعودی اور پاکستانی میڈیا ہاؤسز کے مابین تعلقات بڑھانے میں ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔
دیگر ممبران میں صدر شاہد نعیم ، جی ایس جمیل راٹھور ، سید مسرت خلیل ، اکرم اسد، معروف حسین ، مصطفیٰ خان ، ارسلان ہاشمی ، محمد عدیل ، محمد امانت اللہ اور یحییٰ اشفاق نے بھی ارشد منیر کے حسن تعاون اور صحافیوں سے روابط رکھنے کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں ان کی کامیابی کی دعا کی۔ مقامی انگریزی اخبار کے سینئر صحافی سراج وہاب نے انھیں پاکستان اور ہندوستان کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اپنے دور میں معلومات کے بہاؤ کو فروغ دینے اور سہولیات فراہم کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا دور صحافیوں کے لئے ہمیشہ ایک سنہری دور کےطور یاد رکھا جائے گا۔
آخر میں پی جے ایف کے اراکین نے قونصل جنرل خالد مجید کی معیت میں قونصل (پریس) ارشد منیر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔