لودھراں:12 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کا مرکزی ملزم گرفتارکرلیاگیا
لودھراں(ڈیلی پاکستان آن لائن)12 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کے معاملہ میں مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
لودھراں پولیس نے کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد میں ملوث مالک کو گرفتار کرلیا، متاثرہ بچی کو علاج و معالجہ اور میڈیکل کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔تھانہ سٹی میں بچی کی والدہ کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، ڈی پی او لودھراں کامران ممتاز کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں، بھرپور تعاون کیا جائے گا، صحت یابی تک بچی کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اس معاملے میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوٹس لیا تھا، انہوں نے کہا ہے کہ بچوں اور خواتین پر تشدد ہماری ریڈ لائن ہے، ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، تشدد کا شکار بچی اور والدین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔