امارات میں ورچول ورک اقامہ اور ملٹی پل ٹورسٹ ویزے کی منظوری

امارات میں ورچول ورک اقامہ اور ملٹی پل ٹورسٹ ویزے کی منظوری
امارات میں ورچول ورک اقامہ اور ملٹی پل ٹورسٹ ویزے کی منظوری
سورس: Pixabay.com

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ابوظبی (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے ورچول ورک اقامہ اور تمام ممالک کے شہریوں کے لیے ملٹی پل ٹورسٹ ویزے کی منظوری دی ہے, اس اقامے کے تحت دنیا کے کسی بھی علاقے میں موجود شخص آن لائن متحدہ عرب امارات میں ملازمت کرسکتا ہے، اس کے لیے ضروری نہیں کہ اس کی کمپنی امارات میں موجود ہو۔

روزنامہ جنگ کے مطابق  دوسری جانب اماراتی کابینہ کے مطابق سیاحتی ویزے ملٹی پل ہوں گے اور کسی ضامن کے بغیر جاری ہوں گے۔ پانچ برس کے لیے موثر ہوں گے۔ اس ویزے پر آنے والا ہر بار نوے دن تک امارات میں قیام کرسکے گا۔ اتنی ہی مدت کے لیےاس میں توسیع ہوسکے گی۔ الامارات الیوم کے مطابق کابینہ کا اجلاس اتوار کو نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی صدارت میں ہوا ہے۔شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ٹوئٹرکے اپنے اکاؤنٹ پر بتایا کہ قصر الوطن میں کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی- اس موقع پر ورچول ورک اقامے کے اجرا کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ورچول اقامے کی بنیاد پر اسے دنیا کے کسی بھی علاقے سے امارات کے لیے کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

محمد بن راشد نے کہا کہ آج آن لائن ٹیکنالوجی کا ماحول ہے- اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئےتمام لوگوں کو دنیا کے محفوظ اور خوبصورت ترین شہروں میں رہنے کے مواقع مہیا کریں گے- یہ اپنی نوعیت کا خطے میں پہلا اقامہ ہوگا اس کے بموجب غیرملکی کسی سپانسر کے بغیر متحدہ عرب امارات آسکے گا یہاں ایک برس تک قیام کرسکے گا اور مقررہ شرائط و ضوابط کے مطابق اپنی ملازمت کے کام آن لائن انجام دے سکے گا۔اس اقدام سے ڈیجیٹل اکانومی کا ماحول بنے گا۔ اس کی بدولت دنیا بھر کا اعلی ذہن، باصلاحیت افراد اور تجربہ کار لوگ اپنی سہولت کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی قومی معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔محمد بن راشد نے یہ بھی کہا کہ تمام ممالک کے شہریوں کے لیے ملٹی پل سیاحتی ویزوں کی بھی منظوری دی ہے۔ امارات بین الاقوامی اقتصادی دارالحکومت کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہمارے تمام فیصلے اسی تصور کی بنیاد پر ہوں گے۔

محمد بن راشد نے کہا کہ صدر خلیفہ بن زاید آل نہیان کی قیادت میں ہمارا ملک لچکدار اقتدار کے ماڈل پر اتنے پروگرام اور سکیمیں روبعمل لاتا رہا ہے۔ ہمارا مشن یہ ہے کہ امارات سروسز کی فراہمی اور معیار زندگی بلند کرنے کے حوالے سے دنیا کی بہترین حکومتوں میں سے ایک ہو۔ شیخ محمد بنراشد نے کہا کہ سب کے لیے ہمارا پیغام ہے کہ تجدید جاری ہے تبدیلی رکے گی نہیں۔ ہمارے اہداف روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔ اپنے اہداف حاصل کررہے ہیں۔ ہماری ٹیمیں بین الاقوامی سطح پر ملکی اقتصادی و سیاسی حیثیت منوانے کے لیے دن رات کام کررہی ہیں۔

مزید :

عرب دنیا -