پی ٹی آئی رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملی، اڈیالہ جیل سے واپس روانہ
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی، جس کے بعد چئیرمین بیرسٹر گوہرعلی خان اور دیگررہنما ملاقات کیے بغیر واپس روانہ ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے بیرسٹر گوہرعلی خان، جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا، علی محمد خان، سردار لطیف کھوسہ، رؤف حسن اور فردوس شمیم نقوی جیل پہنچے اور جیل انتظامیہ سے اجازت طلب کی۔جیل انتظامیہ نے مؤقف اپنایا کہ ملاقات کا دن نہیں ہے اور نہ ہی سپیشل ملاقات کے حوالے سے احکامات موصول ہوئے ہیں۔بیرسٹر گوہرعلی خان کا کہنا تھا کہ ملاقات کا بھی ایک طریقہ کار ہوتا ہے، آج ملاقات کا معمول کا دن نہیں تھا لیکن ہم کوشش کر رہے تھے کہ ملاقات ہو جائے، اگر ملاقات ہو جاتی تو ہم مختلف باتوں پر تبادلہ خیال کرتے۔ان کا کہنا تھا کہ 24 نومبر کا احتجاج ملتوی نہیں ہوا، احتجاج ملتوی ہونے والی بات نہیں لیکن کئی چیزیں تھیں جن کے لیے ہم ملاقات کرنے آئے تھے۔