چھوٹے سکور کے باوجود تگڑا مقابلہ، افغانستان اور انگلینڈ کے میچ کا نتیجہ آگیا
پرتھ (ڈیلی پاکستان آن لائن) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان نے چھوٹا سکور کرنے کے باوجود انگلینڈ کو تگڑی ٹکر دی تاہم میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ انگلینڈ نے افغانستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
ورلڈ کپ کے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغان ٹیم نے صرف 112 رنز بنائے تھے۔ افغان سائڈ کے 113 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم افغان باؤلنگ کے سامنے مشکلات کا شکار نظر آئی۔ اگرچہ مجموعہ انتہائی چھوٹا تھا لیکن اس کے باوجود افغان باؤلرز نے جان لڑا دی اور مقابلے کو آخر تک لے گئے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے 19 ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا۔ انگلینڈ کی طرف سے لیام لونگ سٹون نے سب سے زیادہ 29 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل افغانستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پورے 20 اوور بھی نہ کھیل پائی اور 19.4 اوورز میں 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان کی طرف سے ابراہیم زردان 32 اور عثمان غنی 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان دونوں کے علاوہ افغانستان کا کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا۔
انگلینڈ کی طرف سے سیم کرم نے تباہ کن باؤلنگ کی اور 3.4 اوورز میں 10 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے علاوہ بین سٹوکس اور مارک ووڈ نے دو، دو جب کہ کرس ووکس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔