پاکستانی چاولوں نے عالمی منڈی میں دھوم مچادی، مانگ میں غیر معمولی اضافہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی چاول اپنی شاندار خوشبو اور ذائقے کی وجہ سے عالمگیر شہرت رکھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ عالمی منڈی میں اس کی مانگ میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
24 نیوز کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں چاول کی برآمدات میں 77.63 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جولائی سے ستمبر تک 9 لاکھ 91 ہزار میٹرک ٹن چاول برآمد کیےگئے۔ گزشتہ مالی سال پہلی سہہ ماہی میں 5 لاکھ 96 ہزار ٹن چاول برآمد کیے گئے تھے،گزشتہ مالی سال چاول برآمدات پر 40 کروڑ 64 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ آیا، ستمبر میں چاول کی برآمدات میں سالانہ 49.19 فیصد کا بھی بڑا اضافہ دیکھا گیا تھا۔ صرف ایک ماہ کے دوران 3 لاکھ 74 ہزار میٹرک ٹن چاول ایکسپورٹ کیے گئے۔ زیرجائزہ عرصے کے دوران 3 لاکھ 74 ہزار میٹرک ٹن چاول کی برآمد پر 25 کروڑ 72 لاکھ ڈالر زرمبادلہ آیا۔ گزشتہ مالی سال ستمبر میں 2 لاکھ 55 ہزار میٹرک ٹن چاول ایکسپورٹ ہوئے تھے،پہلی سہہ ماہی کے دوران 2 لاکھ 52 ہزار ٹن باسمتی چاول ایکسپورٹ کیے گئے، جولائی تا ستمبر باسمتی چاول کی برآمدات میں 65.78 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔