دیر آید، درست آید!
پاکستان میں ہے فائر وال سسٹم کی تنصیب نے بہت سے کرشماتی گروہوں کی صفوں میں ہلچل مچا کر رکھ دی آخر یہ فائر وال سسٹم ہے کیا؟ جس کی تنصیب سے بالخصوص ایک سیاسی جماعت ماتم کر رہی ہے جن کا وجود ہی سوشل میڈیا کی وجہ سے تھا درحقیقت فائر وال سسٹم ایک ایسا نظام ہے جس سے سوشل میڈیا ویب سائٹس کو فلٹر کیا جا سکے گا جو انٹرنیٹ کے ذریعے کسی بھی پلیٹ فارم پر اپلوڈ کیے گئے جھوٹے یا سچے مواد کی مکمل تحقیق کر سکے گا کہ اس مواد کو اپلوڈ کرنے کا آغاز کہاں سے ہوا فوری طور پر ہمارے ادارے اس آ ئی پی ایڈریس کو ٹریس کر کے اس کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لا سکیں گے۔
انٹرنیٹ پر اپ لوڈ اور ڈاؤن لوڈ ہونے والے مواد کو کنٹرول کرنے کے لیے چین،ترکی، روس، ایران، سعودی عرب،یو اے ای،بحرین، کویت،قطر اور بہت سے دوسرے ممالک فائروال سسٹم کا استعمال کر رہے ہیں یہ سسٹم سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے انٹرنیٹ کے گیٹ ویز پر لگایا جا رہا ہے جہاں سے انٹرنیٹ کے اپ لنک اور ڈاؤن لنک کو فلٹر کیا جائے گا اس کا مقصد انٹرنیٹ پر ناپسندیدہ مواد کو کنٹرول کرنے کے سوا کچھ نہیں یہ سسٹم ریاست کے خلاف چلنے والی ویب سائٹس، ایپس کو کنٹرول یا بلاک کرے گا۔
اس سسٹم کا تعلق صرف پڑھے لکھے اور انٹرنیٹ استعمال کرنے والے طبقے سے ہے لیکن حیرانگی کی بات یہ ہے کہ ایک مخصوص جماعت فائروال سے لوگوں کو ایسے ڈرا رہی ہے جیسے اس کی تنصیب سے اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں یک دم سو فیصد اضافہ ہو جائے گا اور اس سے بھی حیران کن امر یہ کہ وہ ملک جس میں شرح خواندگی صرف باسٹھ فیصد ہے اس سسٹم سے پریشان نظر آ رہے ہیں سوشل میڈیا نے بلا شبہ عوام کو معلومات فراہم کی ہیں لیکن شعور نہیں دیا پاکستانی عوام کے ذہن میں شاید یہ کبھی نہیں آیا ہوگا کہ آخر کیا ہوا کہ سال 2010ء میں اچانک اربوں ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والی ویب سائٹس ساری دنیا میں اس طرح عام ہوئیں کہ ہر خاص و عام کی ان سائٹس تک مفت ر سائی ممکن ہو گئی اور کسی نے اس پر غور کرنا مناسب نہیں سمجھا۔
میرے خیال میں یہ سوشل میڈیا ویب سائٹس بھی نیو ورلڈ آرڈر کا حصہ ہیں جو شیطانی طاقتیں دنیا میں نیا نظام لانے کے لیے کوشاں ہیں یقینا ان سائٹس پر انویسٹمنٹ بھی انہوں نے ہی کی تھی اس ضمن میں چند دلیلیں پیش کرنا چاہوں گا۔آپ کو شاید یاد ہو کہ 2011ء میں تیونس میں زین العابدین کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک تحریک کا آغاز کیا گیا یہ شیطانی طاقتوں کا 35 ملین ڈالر لگا کر تیار کیے گئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا ٹیسٹ کیس تھا دیکھتے ہی دیکھتے وہ تحریک سارے ملک میں پھیل گئی ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی جلاؤ گراؤ دھرنے ریلیاں نکلیں آخر کار زین العابدین کو حکومت چھوڑنا پڑی اس کی بیوی کو ملک سے فرار ہو کر سعودی عرب میں پناہ لینا پڑی جیسے ہی ان طاقتوں کا بچھایا جال کامیاب ہوا توان کے حوصلے کو مزید تقویت ملی اس کے بعد عرب سپرنگ کے نام سے ایک ایسا طوفان ابھرا جس نے عراق، شام،لیبیا اور مصر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا بہت سی حکومتوں اور حکمرانوں کے تختے الٹ کر انہیں تختہ دار پر چڑھا دیا گیا۔
ان حالات کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے سعودی عرب، عرب ریاستوں اور بہت سے ممالک نے فائر وال سسٹم خریدے اور اپنے ملک میں نصب کروا دیے جس سے ان کی حکومت اور ملک اس یلغار سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔بالکل اسی طرح وطن عزیزمیں ہوا سال 2017ء میں پاکستان ایک مستحکم معیشت بن چکا تھا دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا گیا تھا۔ لوڈ شیڈ نگ پر قابو پا لیا گیا تھا کاروبار چل رہے تھے ہر شخص خوشحال تھا پھر اچانک سوشل میڈیا پر بھاری بھرکم رقوم لگا کر خان صاحب کو بطور نجات دہندہ پیش کیا گیا اور نواز شریف کو چور ڈاکو راہزن اور پتہ نہیں کیا کیا بنا دیا گیا۔
پی ٹی آئی چونکہ سوشل میڈیا کی ایک مضبوط ٹیم تشکیل دے چکی تھی اور سوشل میڈیا ملک کو مشکلات سے نکالنے کا واحد ذریعہ نیازی کو ثابت کر رہا تھا اسی سوشل میڈیا کی طاقت نے پاکستان میں بیورو کریسی اور چند جرنیلوں کو ان کی طرف سوچنے پر مجبور کیا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ نواز شریف کی حکومت ختم کر دی گئی اگلا الیکشن ہوا جس میں حیرت انگیز نتائج سامنے لائے گئے بہت سے امیدوار جو رات کو ہار کر سوئے تھے انہیں صبح جیتنے کی خوشخبری سنا دی گئی تحریک انصاف کی حکومت بنا دی گئی اور اس کے بعد ملک کے ساتھ جو ہوا اس سے آپ سب واقف ہیں۔
میں خراج تحسین پیش کرنا چاہوں گا حکومت وقت کو جنہوں نے بے شک دیر سے ہی صحیح فائر وال سسٹم کی تنصیب کر کے پاکستان اور اس کے نوجوانوں کو برباد ہونے سے بچا لیا کسی کی ناحق تضحیک قطعا اظہار رائے کی آزادی نہیں حکومت کو چاہیے کہ جتنی تیزی سے ممکن ہو فائر وال سسٹم کو ایکٹو کردے یہ بہت سی پریشانیوں سے نجات دلانے کا باعث بنے گا اور میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ یہ سسٹم ایک مخصوص ڈیجیٹل دہشت گرد ذہنیت کے حامل گروہ کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا جو سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹ اور دھوکہ پھیلا کر عوام کی ذہن سازی کرتے تھے فائر وال سسٹم انشاء اللہ ریاست کے خلاف کام کرنے والے بہت سے لوگوں کو منظر عام پر لائے گا بہرحال ہر محب وطن پاکستانی کو حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرنا چاہیے بے شک یہ اس طرف دیر سے آئے ہیں لیکن درست آئے ہیں اللہ کریم میری ریاست کو ہر آفت سے محفوظ فرمائے، آمین ۔