خوشگوار موسم سے پروٹیز کا چہرہ کھل اٹھا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کیخلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کھیلنے کیلئے آنے والی جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے چہرے شہر قائد کے خوشگوار موسم سے کھل اٹھے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آنے والی جنوبی افریقی ٹیم کراچی کے خوشگوار موسم سے کافی محظوظ ہورہی ہے جنہوں نے اسے پہلے ٹیسٹ میں اپنے لئے بہتر بھی قرار دیا ہے۔ سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ایڈرین لی روئکس نے ایک انٹرویو میں کہاکہ کراچی کا موسم کافی خوشگوار اور دن کے وقت درجہ حرارت 20 سے 30 سینٹی گریڈ کے درمیان رہتا ہے، یہ چیز حقیقت میں ہمارے لئے پلس پوائنٹ ہے، باقی پاکستان میں جو پابندیاں، بائیوببل اور دوسری جو مشکلات ہیں ان کا باقی دنیا میں بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے حوالے سے ایڈرین لی روئکس نے کہاکہ فاسٹ باﺅلرز ہمیشہ ہی انجریز کی زد میں رہتے ہیں، اس لئے ٹیسٹ میچ کیلئے میدان میں اترنے سے قبل انہیں مخصوص تعداد میں باﺅلنگ کی ضرورت ہوتی ہے، کوویڈ میں یہ چیز کسی چیلنج سے کم نہیں، نومبر میں ہمارے کھلاڑیوں نے فرنچائز 4 روزہ ایونٹ میں حصہ لیا جبکہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں بھی ان کی پرفارمنس کافی اچھی رہی، ہم یہاں پر بھی خاص طور پر فاسٹ باﺅلرز کی فٹنس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔