عوام کو معیاری آٹاکم قیمت پر فراہم کیا جائے

عوام کو معیاری آٹاکم قیمت پر فراہم کیا جائے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 گندم کی کٹائی ملک کے بیشتر علاقوں میں ختم ہو گئی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے محکمے اپنی پالیسی کے تحت اس کی حالیہ مقررہ کی گئی قیمت پر خریداری کر کے اپنے اہداف پورے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ امید کی جاتی ہے کہ اگر زمیندار حضرات اور کسان بھائیوں نے اپنی قومی ذمہ داری کی انجام دہی میں روایتی مثبت کارکردگی اورفراخدلی کا مظاہرہ کیا تو جلد ہی مطلوبہ معیاری گندم کی مزید مقدار مختلف علاقوں کے سرکاری محکموں کو فروخت کے لئے فراہم کر دیں گے۔ اس معاملے میں پنجاب حکومت کا بہت اہم کردار ہوتا ہے کیونکہ یہ صوبہ زیادہ مقدار میں گندم پیدا کر کے دوسرے صوبوں کی ضروریات بھی پوری کرتا ہے۔ اس طرح حکومتوں کے گوداموں میں گندم ملک کے لوگوں کی ضرورت کے لئے جلد مقررہ اہداف کے مطابق یا قدرے کم مقدار میں محفوظ کی جا سکتی ہے۔ یاد رہے کہ چند ہفتے قبل اس فصل کے آغاز کٹائی کے دنوں میں یہاں مختلف علاقوں میں خاصی تیز ہوا اور موسلا دھار بارشیں ہونے کی بنا پر گندم متاثر ہوئی۔ عوام و خواص کی جانب سے خراب ہونے کے خدشات  ظاہر کئے گئے تھے جن میں ایک بڑی جاندار یہ دلیل بھی منظر عام پر آئی کہ اگر مذکورہ بالا نوعیت کی زور دار بارشوں کا تسلسل چند روز کے لئے مزید جاری رہتا تو وطن عزیز میں لوگوں کو موجودہ مالی سال کے دوران، شاید گندم کی دستیابی نہ ہوتی خدانخواستہ قحط کے حالات سے دو چار ہونا پڑ جاتا۔ جس سے ملک کے کروڑوں غریب عوام کو آٹے کی دستیابی نسبتاً زیادہ مہنگے داموں پر ہی ممکن ہو سکتی تھی۔ لیکن اہل وطن کو خالق کائنات اللہ تعالیٰ کی اعلیٰ و ارفع اور بالا تر ہستی کا نہایت عاجزی انکساری اور خلوص نیت سے شکر گزار ہونا چاہئے کہ ان دنوں ملک کے بیشتر حصوں میں تندو تیز بارشوں میں کمی اور جلد ہی رک جانے سے ان کا خاتمہ ہو گیا یوں خشک اور گرم موسم کے حالیہ ہفتوں میں جاری رہنے سے گندم کی خشک اور معیاری اقسام عوام کی خوراک کے لئے دستیاب ہو سکیں۔ اس خصوصی عنایت، نوازش اور نظر کرم پر ہمیں اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں خصوصی طور پر سربسجود ہو کر اس کی رحمت، برکات اور فیاضی کے انعامات و اکرامات سے مستفید ہونے کی دعائے خیر اور مغفرت اپنے علاقوں میں اجتماعی طور پر کرنی چاہئے۔ کیونکہ اللہ کی رضا اور مرضی سے محض لمحوں میں کائنات کے حالات انسانی اندازوں اور قیاس آرائیوں کے برعکس کسی سمت میں تبدیل ہو کر حیران کن اور غیر متوقع نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ ہمیں ہر وقت اللہ حضور کو یاد کرتے رہنا چاہئے۔
وفاقی پنجاب اور دیگر صوبائی حکومتوں سے گزارش ہے کہ عام لوگوں کو ملک کے تمام علاقوں میں  معیاری آٹا، ممکنہ طور پر کم قیمت مقرر کرکے بلا کسی توقف اور رکاوٹ، ضرورت کے مطابق فراہم کیا جائے نیز اس کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کی مجرمانہ کارروائیوں کی سختی سے روک تھام کی جائے۔

مزید :

رائے -کالم -