علی عظمت کے میڈم نور جہاں کے بارے بیان پر ماضی کی مقبول  گلوکارہ  کی فیملی کا موقف بھی آگیا

علی عظمت کے میڈم نور جہاں کے بارے بیان پر ماضی کی مقبول  گلوکارہ  کی فیملی کا ...
علی عظمت کے میڈم نور جہاں کے بارے بیان پر ماضی کی مقبول  گلوکارہ  کی فیملی کا موقف بھی آگیا
سورس: Instagram/_hinadurrani_

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ویب ڈیسک) ماضی کی مقبول ترین گلوکارہ میڈم نورجہاں کی صاحبزادی حنا درانی نے حال ہی میں گلوکار علی عظمت کی جانب سے اپنی والد ہ سے متعلق   الفاظ کو نامناسب قرار دیتے ہوئے گلوکار کے رویے پر برہمی کا اظہار کیا۔

نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق علی عظمت نے چند دن قبل ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ماضی میں جب وہ نوجوان تھے تو میڈم نورجہاں کو ٹی وی پر ساڑھی کے ساتھ حد سے زیادہ میک اپ میں گاتا ہوا دیکھ کر وہ ’چڑ‘ جاتے تھے۔ علی عظمت کے بیان پر اگرچہ متعدد شوبز شخصیات اور عام عوام نے بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا لیکن اب ملکہ ترنم کی صاحبزادیوں حنا درانی اور منال حسن نے بھی ان کے الفاظ پر برہمی کا اظہار کیا۔حنا درانی نے انسٹاگرام پر والدہ ملکہ ترنم نورجہاں کے حوالے سے بھارتی مرحوم اداکار دلیپ کمار اور گلوکارہ لتا منگیشکر کی تعریفی ویڈیوز بھی شیئر کیں جب کہ علی عظمت کے بیان پر بیان بھی جاری کیا۔

حنا درانی نے اپنے بیان میں علی عظمت کو پاکستانی میوزک انڈسٹری کا تقریباً ختم ہونے والا ستارہ قرار دیتے ہوئے ان کے الفاظ کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ   کسی بھی انسان کی شخصیت کا اندازہ اس کی جانب سے دوسروں کی عزت کرنے سے لگایا جاتا ہے اور کچھ دن قبل ایک شخص کی جانب سے ملک کی مایہ ناز گلوکارہ کے لیے کہے گئے الفاظ سے ان کی شخصیت عیاں ہوگئی۔

ملکہ ترنم دوسری بیٹی منال حسن نے بھی یہی پوسٹ شیئر کی اور لکھا کہ ہر کسی کو اظہار رائے کی آزادی ملنی اور ہونی چاہیے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اس آزادی کو دوسری کی شخصیت پر کیچڑ اچھالنے کے لیے استعمال کیا جائے، پاکستان میں عام طور پر اظہار رائے کی آزادی کا غلط استعمال کیا جاتا ہے اور اسے دوسروں کی تذلیل کے لیے بروئے کار لایا جاتا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ کچھ دن قبل ایک انٹرویو میں پاکستانی میوزک کے اختتام کو پہنچنے والے نمائندے نے نہ صرف ملک کی بہترین گلوکارہ بلکہ ایک خاتون اور ایک والدہ پر بھی نامناسب تبصرہ کیا۔ دونوں نے اپنی پوسٹ میں علی عظمت کا نام نہیں لکھا لیکن ان کا اشارہ ان کی جانب ہی تھا۔

مزید :

تفریح -