سعودی عرب کے 95ویں قومی دن اور دفاعی معاہدے کی مناسبت پر اسپنزر ہال میں مہر عبدالخالق لک نے شاندار تقریب کا اہتمام کیا

سعودی عرب کے 95ویں قومی دن اور دفاعی معاہدے کی مناسبت پر اسپنزر ہال میں مہر ...
 سعودی عرب کے 95ویں قومی دن اور دفاعی معاہدے کی مناسبت پر اسپنزر ہال میں مہر عبدالخالق لک نے شاندار تقریب کا اہتمام کیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جدہ (محمد اکرم اسد) پاکستان بزنس فورم اور حافظ گروپ کے چیئرمین جدہ کی معروف کاروباری، سماجی، سیاسی اور ادبی شخصیت مہر عبدالخالق لک نے سعودی عرب کے 95ویں قومی دن اور دفاعی معاہدے کی مناسبت پر اسپنزر ہال میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں پاکستانی اور سعودی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی اور قومی دن جوش و خروش سے منایا۔ تقریب میں پاکستان کے سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین اور شیخ عبدالرحمان السدیس صدر ادارہ حرمین شریفین کے مشیر محمد العتیبی مشترکہ مہمان خصوصی تھے۔ شہباز حسین چوہدری نے سعودی عرب کے قومی دن کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان ایک مضبوط دینی رشتہ سے جڑے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانی اس کو اپنا پہلا گھر سمجھتے ہیں۔ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ایک دوسرے کی سر زمین کی عزت کی حفاظت کا عہد ہے یہ معاہدہ دراصل عالم اسلام کے اتحاد، یکجہتی اور امن کی ضمانت ہے۔ یہ دفاعی معاہدہ تاریخ میں امر رہنے کا عمل ہے اس پر جتنا پاکستانیوں کو فخر ہے اتنا ہی سعودیوں کو بھی اس پر فخر ہے بلکہ عالم اسلام کو بھی فخر ہے۔ حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے ہر مسلمان جان دینے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ باہمی ایثار اور اعتماد کا ہے۔ تقریب کا آغاز قاری عبد القیوم سلفی کی روح پرور تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس نے دلوں کو منور کر دیا۔ بعد ازاں حمد و نعت کے نغمے فضا میں گونج اٹھے۔ فیصل علوی نے عربی زبان میں نہایت شستہ اور پُراثر خطبۂ استقبالیہ پیش کیا جبکہ سردار اقبال صاحب نے اردو میں خیرمقدمی کلمات کہے۔ 

پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ہونے والا دفاعی معاہدہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات کی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ معاہدہ نہ صرف خطے کے امن اور تحفظ کی ضمانت ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان لازوال محبت اور اعتماد کی جیتی جاگتی تصویر بھی ہے۔
قبل ازیں فورم کے جنرل سیکرٹری سردار اقبال نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اور قومی دن کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر جب بھی کوئی گھڑی آتی ہے تو سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔ پاکستانی بھی سعودی عرب کے لیے اپنے اندر ایک خصوصی  اہمیت دیتے ہیں کیونکہ سعودی حکومت کو حرمین شریفین کی خدمت کا اعزاز حاصل ہے۔ شریک مہمان خصوصی محمد العتیبی اور اعزازی مہمان ابو معاذ احمد الذلعی نے اپنے خطابات میں دفاعی معاہدے کو دونوں ممالک کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔ مختلف سعودی مقررین نے پرجوش انداز میں پاکستان کے ساتھ اپنی والہانہ محبت اور اخوت کا اظہار کیا۔ دیگر مقررین میں عبد الماجد لک، نواف العتیبی، صالح یوسف الزہرانی، محمد حنیف یار، انجینئر سجاد، عقیل آرائیں، انجم وڑائیچ اور افضل جٹ نے بھی سعودی قومی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو اور زیادہ بڑھانے کا اعادہ کیا۔ 
فورم کے چیئرمین اور تقریب کے روح رواں مہر عبدالخالق لک نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہر گزرتے سال کے ساتھ دونوں ممالک کے  تعلقات گہرے ہوتے جا رہے ہیں جس کا ثبوت حالیہ ہونے والے دفاعی معاہدے سے بھی ظاہر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ہونے والا دفاعی معاہدہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات کی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ معاہدہ نہ صرف خطے کے امن اور تحفظ کی ضمانت ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان لازوال محبت اور اعتماد کی جیتی جاگتی تصویر بھی ہے۔

پاک بزنس فورم کے صدر عقیل آرائیں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط مذہبی، ثقافتی اور تجارتی بنیادوں پر قائم ہیں۔ حالیہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے باہمی اعتماد کی ایک زندہ مثال ہے جو نہ صرف خطے کے استحکام میں کردار ادا کرے گا بلکہ کاروباری برادری کے لیے بھی نئے مواقع پیدا کرے گا۔
تقریب کے آخر میں سعودی قومی دن کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ اسپنزر کا وسیع و عریض ہال پاکستانی اور سعودی پرچموں کی دل آویز سجاوٹ اور سبز رنگ کے غباروں کی چمک سے جگمگا رہا تھا، گویا ہال کی ہر دیوار پاک سعودی دوستی کی گواہی دے رہی تھی۔ حاضرین کی پرجوش موجودگی اور چہروں پر نمایاں مسکراہٹیں دونوں ملکوں کے عوام کے دل کی دھڑکنوں کو ہم آواز کرتی دکھائی دے رہی تھیں۔