پی پی اور ن لیگ کا اتحاد پوری قوم پر عیاں ہو چکا،ڈاکٹر مراد راس
لاہور(جنرل رپورٹر) تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو تباہ کرنے والے آصف علی زرداری پاکستان کو بھی نقصان پہنچانے کے درپے ہیں آصف نواز اکٹھ جوڑ پوری قوم کے سامنے عیاں ہو چکا ہے دونوں جماعتوں نے باریوں کی سیاست کو فروغ دیا اور ملک و قوم کے مفادات کو پس پشت ڈال کر بیرون ملک اثاثوں میں اضافہ کیا۔ عوام آئندہ انتخاب میں چور اور لٹیروں کو مسترد کر دیں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپنی جماعت کو تباہ کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے اربوں روپے سوئس بنکوں میں رکھنے والے آصف علی زرداری اور اربوں روپے کے مے فیئر کے فلیٹس بنانے والے نواز شریف قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اثاثوں میں اضافہ جبکہ قوم کو قرضوں کے بوجھ تلے دبانے والے جلد جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔