ادیب جاودانی کا انتقال پُر ملال

ادیب جاودانی کا انتقال پُر ملال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


تعلیم اور صحافت کے شعبوں میں خدمات انجام دینے والے ادیب جاودانی بھی اِس فانی دُنیا سے رخصت ہوگئے۔ ادیب جاودانی نے فیصل آباد سے بطور نامہ نگار اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا بعد میں وہ مستقل طور پر لاہور شفٹ ہوگئے اور یہاں انہوں نے ’’مون لائٹ سکول‘‘ سسٹم کا آغاز کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ماہنامہ ’’مون ڈائجسٹ‘‘ اور ’’مون ٹائمز‘‘ کا بھی اجرا کیا۔یوں تعلیم اور صحافت کے میدان میں ان کی خدمات بیک وقت جاری رہیں۔ وہ نجی سکول مالکان کی تنظیم کے چیئرمین کے طور پر برسوں خدمات انجام دیتے رہے۔ دو سال قبل ان کی رفیقۂ حیات طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں، ان کی جدائی کے غم میں وہ دل کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے۔ ادیب جاودانی نے اپنے جریدے میں مختلف شخصیات کے طویل انٹرویوز شائع کرتے ہوئے سیاست اور حکومت میں ہونے والے اہم واقعات اور آف دی ریکارڈ تفصیلات شائع کیں، جو مختلف وجوہ سے لوگوں کے علم میں نہیں آسکی تھیں انہوں نے دینی شخصیات کے خاص نمبر بھی شائع کئے۔ وہ فیصل آباد کی معروف روحانی شخصیت ابو انیس صوفی برکت علی کے مرید بھی تھے۔ اللہ تعالیٰ سے ان کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا ہے۔

مزید :

اداریہ -