76 لوگوں کا قاتل 29 سالہ نوجوان بالآخر پکڑا گیا
کیپ ٹاﺅن(مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی افریقہ میں ایک 29سالہ نوجوان کو 76لوگوں کے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اگست 2023ءمیں جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے علاقے مارشل ٹاﺅن میں ایک عمارت کو آگ لگنے سے 76لوگ لقمہ اجل بن گئے تھے۔
گرفتار ہونے والے ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ عمارت کو آگ اس نے لگائی تھی۔ یہ ایک رہائشی عمارت تھی۔ آتشزدگی کے اس واقعے میں 120افراد جان بچا کرعمارت سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ ملزم کے خلاف مقدمے میں 76لوگوں کے قتل کے ساتھ ساتھ 120لوگوں کے اقدام قتل کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کی طرف سے ملزم کا نام اور اس کے متعلق دیگر تفصیلات مخفی رکھی گئی ہیں۔ یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ اس نے عمار ت کو آگ کیوں لگائی۔ تاہم میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر ایک قتل چھپانے کے لیے یہ واردات کی۔ اس نے ایک شخص کو قتل کیا اور قتل چھپانے کے لیے لاش کو آگ لگا کر جلانے کی کوشش کی لیکن آگ پوری عمارت میں پھیل گئی۔تاہم اس بات کی کسی ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔