امریکہ کا ایٹمی معاہدہ پر عملدرآمد کیلئے ایرانی اقدامات کا خیر مقدم

امریکہ کا ایٹمی معاہدہ پر عملدرآمد کیلئے ایرانی اقدامات کا خیر مقدم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) امریکہ نے ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کیلئے ایران کی طرف سے کئے گئے تازہ اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ امریکہ ا ور دیگر عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والے جامع سمجھوتے کی ایک شق کے مطابق ایران کو آرک میں موجود ایٹمی ری ایکٹر کو نئے سرے سے ڈیزائن اور تعمیر کرنے کا عہد کیا تھا جس پر عملدرآمد کیلئے اس نے ایک دستاویز جاری کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دستاویز ایک اہم ثبوت ہے کہ ایران معاہدے پر عملدرآمد میں پوری طرح سنجیدہ ہے۔ نائب ترجمان نے واضح کیا کہ ایران کی طرف سے کئے جانے والے مختلف اقدامات کی ڈیڈ لائن آنے کے بعد ان کی تصدیق کی جائے گی اور ایران کی طرف سے کی جانے والی یہ کارروائی ان اقدامات میں شامل ہے۔ نائب ترجمان نے بتایا کہ معاہدے میں طے ہوا تھا کہ آرک کے ایٹمی ریکٹر کو اس طرح سے دوبارہ ڈیزائن اور تعمیر کیا جائے کہ اس میں پلاٹونیم کی افزودگی کی گنجائش اتنی کم ہو جائے کہ اس سے ایٹمی ہتھیار تیار نہ ہوسکیں۔ اس معاہدے کے مطابق امریکہ نے بھی وعدہ کیا ہے کہ ان تقاضوں کے مطابق ری ایکٹر کی ڈیزائننگ میں تبدیلی کے لئے ضروری تکنیکی مہارت فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ آرک کے منصوبے کیلئے جو ورکنگ گروپ بنایا گیا ہے امریکہ چین کے ہمراہ اس کا شریک چیئرمین ہے اور اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔ امریکی ترجمان نے کہا ہے کہ ان کا ملک چھ عالمی طاقتوں، یورپی یونین اور ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ساتھ مل کر اپنا کام کرتا رہے گا۔

مزید :

صفحہ اول -