پاکستان، بحرین کا دفاعی تعاون بڑھانے، مشترکہ فضائی مشقوں پر اتفاق
راولپنڈی ( آن لائن) بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، بالخصوص مشترکہ تربیتی پروگرامز اور ہوا بازی کے شعبے میں قریبی تعاون پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف مارشل نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور پاک فضائیہ میں حالیہ ترقیات اور جدید تقاضوں کے مطابق منصوبہ بندی پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ انفراسٹرکچر کی بہتری، تربیتی نظام کی ازسرنو تشکیل اور جدید صلاحیتوں کی شمولیت جیسے اقدامات پاک فضائیہ کی عملی تیاری اور ٹیکنالوجی میں برتری کو یقینی بنائیں گے۔ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان گہرے مذہبی و تاریخی تعلقات ہیں جو فوجی تعلقات میں بھی جھلکتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تربیت، مشترکہ مشقوں اور علم کے تبادلے کو مزید فروغ دیا جائے گا۔اس موقع پر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ نے بھارت کے خلاف حالیہ تنازعے میں پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی پر ایئر چیف کو مبارکباد دی اور پی اے ایف کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، عملی تیاری اور جرات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بحرین فضائیہ مشترکہ مشقوں اور تربیتی منصوبوں میں پاکستان کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون کی خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کو مشترکہ آپریشنل تجربات سے فائدہ پہنچے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے، ادارہ جاتی تعاون بڑھانے اور دوطرفہ شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان، بحرین