پڑانگ ، پولیس ناکہ بندی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ، دواشتہاری مجرمان ہلاک
چارسدہ(بیورورپورٹ) تھانہ پڑانگ کی حدود میں پولیس ناکہ بندی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس سے دو مجرمان اشتہاری ہلاک ہو چکے ہیں جن کےقبضہ سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔ ہلاک ملزمان نے ایک ہفتہ قبل کانسٹیبل فصیح الدین خان کو شہید جبکہ اے ایس آئی قیصر خان کو فائرنگ کرکے درب ماجوکے میں زخمی کیا تھا۔اس حوالے سے چارسدہ پولیس کو اطلاع ملی کہ چار مطلوبہ ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سوار پشاور کی جانب سے سروس روڈ پر آ رہے ہیں۔اطلاع پر ڈی ایس پی سٹی زرداد علی خان کی قیادت میں پولیس نفری تعینات کر کے سروس روڈ نزد شاڑہ ماجوکے پر ناکہ بندی کی گئی۔ پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے موٹر سائیکل واپس موڑ کر پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی،پولیس نے حقِ حفاظتِ خوداختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو مجرمان اشتہاری ہلاک جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک ملزمان کی شناخت شاہ سعود اور روخیل پسران عنایت ساکنان اکبر پورہ نوشہرہ کے نام سے ہوئی جبکہ ان کے قبضے سے دو کلاشنکوف اور دو موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔ہلاک مجرمان نے چند روز قبل درب ماجوکے میں فائرنگ کر کے کانسٹیبل فصیح الدین کو شہید جبکہ اے ایس آئی قیصر خان کو زخمی کیا تھا۔ ہلاک ملزم شاہ سعود تھانہ اکبر پورہ کو قتل، ڈکیتی سمیت سنگین مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔