تیم گرہ ، عوام کا مبینہ غیر قانونی مائننگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا 

          تیم گرہ ، عوام کا مبینہ غیر قانونی مائننگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                        تیمرگرہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)کاٹن دشخیل کے درجنوں عمائدین اور عوام نے مبینہ غیر قانونی مائننگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا۔ مظاہرین نے پہاڑ کی لیز فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور خبردار کیا کہ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے سامنے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔احتجاج میں شریک عمائدین مولانا نور سلیم، ڈاکٹر ریاض الدین، جوہر علی، صاحب غنی، گل زمان خان سمیت دیگر نے کہا کہ گزشتہ آٹھ برسوں سے کاٹن کی پہاڑیوں سے ٹھیکہ دار قیمتی پتھر نکال کر اونے پونے داموں دیگر اضلاع کو منتقل کر رہا ہے۔ اس عمل سے علاقے میں ماحولیاتی آلودگی پھیل رہی ہے اور مائننگ کے دوران دھماکوں سے کئی ناخوشگوار واقعات پیش آ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہاڑی کے عین سامنے مدارس اور اسکول قائم ہیں جہاں طلبا کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ گزشتہ روز ایک بھاری پتھر ایک مکان پر جا گرا، تاہم کسی بڑے نقصان سے بچت ہو گئی۔ مقررین نے شکوہ کیا کہ مقررہ 8 ٹن کے بجائے روزانہ 45 ٹن وزنی ٹرکوں کی آمد و رفت نے مقامی سڑک تباہ کر دی ہے، قدرتی چشمے سوکھ گئے ہیں اور مسلسل مائننگ سے مقامی قبرستان بھی متاثر ہو رہا ہے۔عمائدین کا کہنا تھا کہ لیز دینے سے پہلے نہ متعلقہ محکموں کو اعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی عوامی مشاورت کی گئی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر غیر ذمہ دارانہ انداز میں جاری مائننگ بند نہ کی گئی تو احتجاجی دھرنا ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے سامنے منتقل کیا جائے گا اور انسداد پولیو سمیت قومی مہمات کے بائیکاٹ پر بھی غور کیا جائے گا۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر تیمرگرہ نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور عوام کو مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ تاہم مظاہرین نے اعلان کیا کہ مطالبات منظور ہونے تک دھرنا اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔