سول ہسپتال کراچی بیماریاں پھیلانے کا گڑھ بن گیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ) ہسپتال مختلف بیماریوں کے شکار افراد کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے قائم ہوتے ہیں لیکن اگر ہسپتال ہی لوگوں کو بیمار کرنے کا سبب بن جائیں تو مریض بیچارے کہاں جائیں۔سندھ کے ایک بڑے سرکاری ہسپتال سول سروسز میں دوسرے صوبوں سے آنے والے مریضوں کو کچرے کے ڈھیر اور گندگی کے مناظرنظر آتے ہیںجو صحت مند انسان کو بھی بیمار کردیتی ہے۔کم آمدنی یا غربت کے مارے شہری سرکاری ہسپتالوں میں پیش آنےوالے مسائل کا تذکرہ کرتے نہیں تھکتے۔ملک کے دیگر صوبوں سے آنےوالے بیمار کئی کئی دن ہسپتال کے اطراف میں پھیلی گندگی اور بدبو میں صحتیابی کی امید لے کر بیٹھے رہنے پر مجبور ہیں۔مریضوں کے علاوہ سرکاری ملازمین بھی بدبو اور کچرے سے نالاں ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام اور مریضوں کی تعداد میں اضافے نے مسائل جنم دئیے ہیں۔شہری کہتے ہیں کہ سول ہسپتال میں پھیلی گندگی سندھ حکومت کی ناقص کاکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔