ڈپٹی کمشنر بھکر کا سرکاری ہسپتال پر چھاپہ، خود کو ڈاکٹر ظاہر کرنیوالا چوکیدار پکڑا گیا
بھکر (ویب ڈیسک) ڈپٹی کمشنر بھکر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے بنیادی مرکز صحت برکت والا میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے خود کو ڈاکٹر ظاہر کرنیوالے چوکیدار کو پکڑلیا جو فوری معطل کردیاگیا۔ معطلی کے احکامات پر چوکیدار کاکہناتھاکہ یہاں کوئی ڈیوٹی پر نہیں آتا اور نا فیلڈ سٹاف ویکسی نیٹر آتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان سٹاف کے بغیر اچانک بی ایچ یو برکت والا پہنچ گئے جہاں ڈیوٹی پر موجود چوکیدار خود کو ڈیوٹی ڈاکٹر ظاہر کرتا رہا اور بتایا کہ یہاں ڈاکٹر تعینات ہوں ۔
ڈپٹی کمشنر کا اپنا تعارف کرانے پر اور حاضری رجسٹر چیک کرنے پر انکشاف ہوا کہ موصوف ڈاکٹر نہیں بلکہ بی ایچ یو میں چوکیدار ہے جس پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اسے معطل کردیا ۔ بی ایچ یو کا ریکارڈ بھی نامکمل تھا جس پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے سی ای او ہیلتھ اور متعلقہ بی ایچ یو انتظامیہ کو ریکارڈ سمیت اپنے دفتر طلب کرلیا ۔
ڈپٹی کمشنر کے دورہ کے دوران ایل ایچ وی موقع پر موجود تھی اور اسکی ڈیوٹی حاضری مکمل تھی جس پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے ایل ایچ وی کو بہترین فرائض کی ادائیگی پر شاباش دی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھاکہ برے لوگوں کیساتھ اچھے بھی موجود ہیں، ضلع کے ہیلتھ سیکٹر میں چھپی ہوئی ان چند کالی بھیڑوں کا جلد ضلع سے صفایا کیا جائے گا۔