پیپلز پارٹی نے پاور شیئرنگ پر( ن) لیگ سے مذاکرات کرنیوالی کمیٹیاں تحلیل کر دیں، بڑا فیصلہ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی نے پاور شیئرنگ کے معاملے پر (ن) لیگ سے مذاکرات کے لیے تمام کمیٹیاں تحلیل کردیں اور فیصلہ کیا ہے کہ اب صدر مملکت اس معاملے پر وزیراعظم سے مذاکرت کریں گے۔
نجی ٹی وی" ایکسپریس نیوز "کے مطابق پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں (ن) لیگ سے مذاکرات کے لیے تمام کمیٹیاں تحلیل کردیں گئیں۔ذرائع کے مطابق (ن) لیگ سے پاور شئیرنگ فارمولے پر مذاکرات کا اختیار صدر مملکت کو دے دیا، اب صدر مملکت وزیراعظم سے پاور شئیرنگ فارمولے پر مذاکرات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاق کی جانب سے زرعی ٹیکس لگانے پر اجلاس کے شرکاء نے تحفظات کا اظہار کیا، سی ای سی نے زراعت پر عائد ٹیکس 45 فیصد سے کم کر کے20 فیصد کرنے کی تجویز دے دی۔
پی پی ارکان نے سی ای سی اجلاس میں پیکا ایکٹ ترمیمی بل پر تفصیلی غور کیا اور کہا کہ حکومت کی پیکا ایکٹ میں ترامیم پر پارٹی کو واضح مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔