فیروز خان کے سجل علی کے ساتھ تعلقات کی تصدیق ہو گئی
لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز کے مشہور اداکار فیروز خان کی والدہ نے بیٹے کے سجل علی سے تعلقات پر خاموشی توڑ دی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق حالیہ دنوں فیروز خان کی والدہ صوفیہ ملک نے ایک یوٹیوب انٹرویو میں فیروز خان کی زندگی سے متعلق کئی باتوں کا انکشاف کیا، جن میں سجل علی کے ساتھ ان کے تعلق کا ذکر بھی شامل تھا۔
ماضی میں فیروز خان اور سجل علی کی جوڑی کو مداحوں کی جانب سے بےحد پسند کیا گیا۔ دونوں نے ڈرامہ سیریل ’چپ رہو‘، ’گلِ رعنا‘، اور فلم ’زندگی کتنی حسین ہے‘ جیسے کامیاب پراجیکٹس میں ایک ساتھ کام کیا، لیکن ان کا نجی تعلق زیادہ عرصے تک برقرار نہ رہ سکا۔
صوفیہ ملک نے انٹرویو میں تصدیق کی کہ دونوں تعلق میں تھے لیکن یہ ان کے نصیب میں نہیں تھا، اور بعد میں دونوں نے راہیں جدا کر لیں۔
صوفیہ ملک نے اپنے بیٹے کی طلاق اور ان پر سابقہ اہلیہ کی جانب سے لگائے گئے تشدد کے الزامات پر بھی بات کی۔ انہوں نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ چاہیں تو بہت کچھ کہہ سکتی ہیں، لیکن خاموش رہنا ہی بہتر سمجھتی ہیں۔
ان کے مطابق معاشرے میں عمومی طور پر عورت کی بات کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، جبکہ مرد کو سخت جان سمجھا جاتا ہے، جو درست نہیں۔
فیروز خان کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کی طلاق کے وقت ’عورت کارڈ‘ کا استعمال کیا گیا، جس سے ان کے بیٹے کو نشانہ بنایا گیا، اور کسی نے ان کے حق میں بات نہیں کی۔ اس دوران ان کے خاندان نے کافی مشکلات کا سامنا کیا۔
صوفیہ ملک نے اعتراف کیا کہ اس وقت انہیں اور ان کے اہلخانہ کو یہ خوف لاحق تھا کہ شاید فیروز خان کا کیریئر ختم ہو جائے، لیکن خدا نے ان کے لیے راستے کھولے اور وہ مشکل وقت گزر گیا۔