ہوم ورک نہ کرنے پر ڈانٹ سے غصہ, بچے نے والد کوبڑی مشکل میں پھنسا دیا
بیجنگ (ویب ڈیسک) ہوم ورک نہ کرنے پر ڈانٹ سے غصہ, بچے نے اپنے والد کو مشکل میں ڈال دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ عجیب واقعہ چین کی یونگنگ کاؤنٹی میں رواں ماہ کے اوائل میں پیش آیا۔ 10 سالہ بچہ ہوم ورک نہ کرنے کی وجہ سے اپنے والد سے ڈانٹ کھا کر شدید غصے میں آگیا جس کے بعد وہ گھر سے باہر نکل کر قریبی دکان پر جا کر موبائل فون استعمال کرنے لگا۔
مگر بچہ موبائل فون کا استعمال گیم کھیلنے کے لیے نہیں بلکہ اپنے والد کی شکایت کرنے کے لیے کر رہا تھا۔رپورٹ کے مطابق 10 سالہ بچے نے پولیس کے ایمرجنسی نمبر پر کال کی اور بتایا کہ اس کے والد گھر میں غیر قانونی منشیات چھپا رہے ہیں۔ لڑکا خاموشی سے پولیس کے آنے کا انتظار کرتا رہا اور انہیں منشیات کی تلاش کے لیے گھر تک لے آیا۔
پولیس نے لڑکے کے گھر کی تلاشی لی تو بالکونی سے پوست کے 8 سوکھے گولے (dried poppy shells) ملے۔ لڑکے کے والد نے کہا کہ اس نے انہیں دوا کے طور پر استعمال کرنے کے لیے خریدا تھا، لیکن وہ جانتا تھا کہ اس نے قانون توڑا ہے۔
بعدازاں پولیس شواہد اکٹھا کر کے بچے کے والد کو اپنے ساتھ اسٹیشن لے گئی، جس کے یہ کیس ایک خصوصی ٹیم سنبھال رہی ہے جو منشیات کے جرائم سے نمٹتی ہے۔
چینی پولیس اس کیس کو لوگوں کو یہ یاد دلانے کے لیے استعمال کر رہی ہے کہ بغیر اجازت پوست کی بھوسی رکھنا غیر قانونی ہے۔ اگرچہ انہیں دوا کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن ان کا اگانا یا رکھنا قانون کے خلاف ہے کیونکہ ان کا استعمال افیون بنانے کے لیے کیا جا سکتا ہے۔