شہید سپاہی سمیع اللہ فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
ہنزہ (ویب ڈیسک)ہنزہ میں شہید سپاہی سمیع اللہ کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا،شہید سمیع اللہ کی تدفین ان کے آبائی گاؤں گریلت میں کردی گی، نماز جنازہ میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔واضح رہے کہ سپاہی سمعی اللہ وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہوئے تھے۔
شمالی وزیرستان کے تحصیل دتہ خیل کے علاقے سارہ وانہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں کیپٹن سمیت 7 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے تھے۔سیکیورٹی فورسزکی جوابی کاروائی میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے، فورسز لیفٹیننٹ بلال کی قیادت میں تحصیل دتہ خیل کے علاقہ سارہ وانہ میں سرچ آپریشن کیلئے موجود تھے، کہ کمپاؤنڈ میں چھپے دہشت گردوں نے ان پر حملہ کر دیا جس کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
جھڑپ میں 7 سیکیورٹی اہلکار کیپٹن جنید، حوالدار آصف،حوالدار رزاق، حوالدار امیر ولی، حوالدار ناصر،سپاہی سمیع اللہ اور سپاہی انور جان شہید جبکہ صوبیدار خورشید، نائب صوبیدار ارشد اور سپاہی قدوس زخمی ہو گئے تھے۔گزشتہ روز شہید سپاہی سمیع اللہ کی نماز جنازہ واقعے کے دیگر شہداء کے ساتھ راولپنڈی گیریژن میں بھی ادا کی گئی تھی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی تھی۔