سنگل فیز میٹرز سٹاک ختم،لیسکو نے پرانے میٹر لگانا شروع کر دیے
لاہور(نیوز رپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے سنگل فیز میٹرز کی کمی کے باعث عارضی طور پر نیا لائحہ عمل اختیار کر لیا ہے۔ کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ خراب یا جلنے والے میٹرز کو فی الحال پرانے مگر درست حالت میں موجود میٹرز سے تبدیل کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق لیسکو کے پاس سنگل فیز میٹرز کا نیا اسٹاک ختم ہو چکا ہے، جس کے بعد تمام دفاتر کو ہدایت کی گئی کہ نیٹ میٹرنگ پراجیکٹس یا لوڈ ایکسٹنشن کی بنیاد پر اتارے گئے میٹرز کی ایم اینڈ ٹی رپورٹس مرتب کر کے بھجوائی جائیں۔ ان رپورٹس میں جو میٹرز قابلِ استعمال پائے گئے ہیں، انہیں دوبارہ ریجنل اسٹورز میں جمع کرا دیا گیا ہے۔یہ میٹرز آئندہ فیلڈ اسٹورز کے ذریعے ای آر پی سسٹم کے تحت صارفین کو جاری کیے جائیں گے، جہاں انہیں باقاعدہ میٹر چینج آرڈر کے ذریعے انسٹال کیا جائے گا۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ صارفین کو دوبارہ نصب کیے جانے والے ان پرانے میٹرز پر موجودریڈنگ کے مطابق بلنگ شروع کی جائے گی تاکہ ریکارڈ میں شفافیت برقرار رہے۔ذرائع کے مطابق اس وقت لیسکو کے سسٹم میں تقریباً 62 ہزار سنگل فیز میٹرز ڈیفیکٹو کوڈ کے ساتھ ظاہر کیے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے صارفین کو میٹر تبدیلی کے عمل میں مشکلات کا سامنا ہے۔
لیسکو