توشہ خانہ ٹو کیس،20 گواہان میں سے 18 پر جرح مکمل، 2 گواہ باقی
راولپنڈی (آن لائن) سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہوئی جس میں تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔سماعت کے دوران ملزمان کے وکلا نے نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون پر جرح کا آغاز کیا۔ ابتدائی جرح کے بعد عدالت نے سماعت آج (جمعرات) تک ملتوی کر دی۔ کیس اب ٹرائل کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے اور صرف دو گواہان پر جرح باقی رہ گئی ہے جن میں نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون اور ایف آئی اے کے افسر شاہد پرویز شامل ہیں۔توشہ خانہ ٹو کیس میں مجموعی طور پر 20 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں جن میں سے 18 پر جرح مکمل ہو گئی ہے۔ سماعت کے موقع پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں جبکہ ان کے ہمراہ بیرسٹر سیف، بیرسٹر سلمان صفدر، بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر علی ظفر اور مشال یوسفزئی بھی شریک ہوئے۔ دوسری جانب وفاقی پراسیکیوٹرز ذوالفقار عباس نقوی اور بیرسٹر عمیر مجید سمیت ملزمان کے وکلا ارشد تبریز اور قوثین فیصل مفتی بھی موجود تھے۔
نیب کیس