غزہ پر فضائی اور زمینی حملوں میں شدت، مزید 30فلسطینی شہید

        غزہ پر فضائی اور زمینی حملوں میں شدت، مزید 30فلسطینی شہید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                            غزہ،نیویارک (آئی این پی)غزہ میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں کے ساتھ زمینی حملوں میں بھی شدت آگئی۔عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی فوج کے جارحانہ حملوں میں مزید 30 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی بھی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ٹینکوں کے ساتھ بارود سے بھری ناکارہ فوجی گاڑیوں سے رہائشی عمارتوں کو تباہ کرنا شروع کردیا۔دوسری جانب فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صرف اسی صورت میں نوبیل امن انعام حاصل کرسکتے ہیں اگر وہ  اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان غزہ میں جاری تنازع ختم کروا دیں۔نیویارک میں فرانسیسی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں میکرون سے ٹرمپ کی اس خواہش کے بارے میں سوال ہوا تو انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں صدر ٹرمپ نے دنیا کی سات جنگیں رکوانے کا کہا لیکن نوبیل امن انعام صرف تب ممکن ہے جب آپ اس تنازع کو ختم کریں، اس کے لیے اسرائیل پر دبا ڈالنا ضروری ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بند کرے، اس کے لیے صرف سیاسی ارادے کی ضرورت ہے۔فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ ہی غزہ جنگ بند کرواسکتے ہیں، کیونکہ غزہ  میں جنگ کے لئے ہتھیار اور آلات امریکا فراہم کرتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں  ایمانوئیل میکرون کا کہنا تھا کہ  اگر اسرائیل فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے پر فرانس پر پابندیاں عائد کرتا ہے تو وہ اس کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ  اگر غزہ میں جنگ جاری رہتی ہے اور اسرائیلی فوج شہریوں کا قتل عام جاری رکھتی ہے تو ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے پاس اب کوئی واضح منصوبہ نہیں ہے اور اگر اسرائیل کا منصوبہ اپنے ہمسائے کو تباہ کرنا ہے تو وہ اپنے لوگوں کو  ہمیشہ کی جنگ میں جھونک رہا ہے۔

غزہ حملے 

مزید :

صفحہ اول -