پنجاب میں سرکاری افطار پارٹیوں پر پابندی عائد، قوم کی پائی پائی بچانا ہو گی: عثمان بزدار

  پنجاب میں سرکاری افطار پارٹیوں پر پابندی عائد، قوم کی پائی پائی بچانا ہو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں سرکاری خرچ پر افطارپارٹیوں پر پابندی عائد کردی، پابندی کا اطلاق وزراء، سیکرٹریز اور دیگر سرکاری حکام پر ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث ہم نے پائی پائی کی بچت کرنی ہے اور موجودہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھ کر وسائل کو کورونا کی روک تھام کیلئے خرچ کرنا ہے جبکہ سرکاری وسائل کے استعمال میں ڈسپلن کی پالیسی پر سختی سے کاربند رہنا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے ایک بیان میں کہاکہ ہم قومی وسائل کے امین ہیں اور حالات کا تقاضا ہے کہ ہم کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کریں۔رمضان المبارک میں گھر رہیں اور محفوظ رہیں کی پالیسی شہریوں کے تحفظ کیلئے ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے نئے تعینات ہونے والے چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر سطح پر شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیا ہے۔کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں اور ہماری پہلی اور آخری ترجیح کورونا کا پھیلاؤروکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے جانفشانی سے فرائض کی انجام دہی ضروری ہے۔ مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف بلاتفریق کریک ڈاؤن کے لئے ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ انتظامی افسران ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی تسلسل کے ساتھ جاری رکھیں۔دریں اثناء وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے پنجاب حکومت کی کورونا ٹیسٹنگ کی مرکزی لیب کی انچارج مالیکیولر بیالوجسٹ عندلیب حنیف نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عندلیب حنیف اور لیب کے دیگر عملے کی کورونا ٹیسٹنگ کیلئے خدمات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عندلیب حنیف کو نقد انعام بھی دیا جبکہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے عندلیب حنیف کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب حکومت کی کورونا ٹیسٹنگ لیب میں کام کرنے والے عملے کو اضافی بنیادی تنخواہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹے اوپن ٹیسٹنگ لیب میں کام کرنے والے عملے کو ہر ماہ اضافی تنخواہ دیں گے اور کورونا کی ٹیسٹنگ کے دوران عملے کو اضافی تنخواہ ملتی رہے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خانیوال کے قریب موٹروے ایم فور پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ سے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی۔
سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -