کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے کرکٹر عمر اکمل کی سزا کم کرکے ایک سال کردی، شائقین کیلئے بڑی خوشخبری
لاہور (ویب ڈیسک) کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے کرکٹر عمر اکمل پر ایک سال کی پابندی عائد کر دی جو وہ پہلے ہی گزار چکے ہیں، پابندی کا اطلاق 20 فروری 2020 سے ہوا تھا، پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.4.4کی ایک مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر 12 ماہ کی پابندی اور 42 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
عالمی ثالثی عدالت نے آزاد ایڈجوڈیکٹر کے فیصلے کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ اور عمر اکمل کی جانب سے دائر کردہ اپیلوں پر فیصلہ سنا یا،عمراکمل کو پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر تین سال کی سزا سنائی گئی تھی جسے آزاد ایڈجیوڈیکٹر نے کم کر کے 18 ماہ کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ عمراکمل کے خلاف میچ فکسنگ کی آفر کو رپورٹ نہ کرنے پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے کارروائی کی تھی جس کے خلاف عمر اکمل نے عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کی تھی۔
پی سی بی کی جانب سے بھی عمر اکمل کی سزا برقرار رکھنے سے متعلق ایک اپیل ثالثی عدالت میں دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ عمر اکمل کو جو سزا دی گئی ہے اسے برقرار رکھا جائے۔