شیر باغ چڑیا گھر کا نایاب بنگال ٹائیگر بیماری کے باعث چل بسا
بہاولپور(ڈیلی پاکستان آن لائن)بہاولپور کے شیر باغ چڑیا گھر کا جوان نایاب بنگال ٹائیگر بیماری کے باعث چل بسا۔
بنگال ٹائیگر کی عمر 7 سال تھی جو گزشتہ 3 سال سے آنکھ میں موتیا کا شکار تھا جسکے باعث ٹائیگر کی ایک آنکھ بُری طرح متاثر ہوچکی تھی۔ تاہم کیوریٹر چڑیا گھر و ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف عثمان بخاری کا کہنا ہے کہ ٹائیگر کے جسم کے مختلف اعضاء نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا جبکہ کچھ عرصے سے ٹائیگر کے گردوں میں انفیکشن کا علاج بھی کیا جارہا تھا ۔
ٹائیگر کو انتہائی نگرانی میں رکھا گیا تھا لیکن تین سے چار دن قبل ٹائیگر کسی بھی قسم کی خوراک نہیں کھارہا تھا۔ ٹائیگر بہاولپور چڑیا گھر میں 2018 میں پیدا ہوا تھا، ٹائیگر جوان عمر تھا کیونکہ عمومی طور پر بنگال ٹائیگرز کی اوسط عمر پندرہ سے بیس سال ہوتی ہے۔