سٹیٹ بینک نے شرح سود میں کمی کا اعلان کر دیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود میں مزید ایک فیصد کمی کا اعلان کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا کہ مانیٹری پالیسی اجلاس میں مختلف امور سمیت اشاریوں کا جائزہ لیا گیاہے جس کے بعد شرح سود میں ایک فیصد کمی کی گئی ہے اور نئی شرح شود 13 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد ہو گئی ہے ۔
گورنر سٹیٹ بینک کا کہناتھا کہ معاشی اشاریے مثبت ہیں، جنوری میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہو گی ، کرنٹ اکاونٹ سرپلس رہا ، مہنگائی مئی 2023 میں 38 فیصد تھی جو کہ کم ہو کر 4.1 ہو گئی ہے ، دسمبر تک زر مبادلہ کے ذخائر میں توقعات سے بڑھ کر اضافہ ہواہے، زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 16.19 ارب ڈالر ہیں جبکہ سٹیٹ بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر 11.44 ارب ڈالر ہو گئے ہیں ۔پاکستان کی برآمدات میں بھی اضافہ ہو رہاہے ۔ جی ڈی پی کی شرح اڑھائی فیصد سے تین فیصد کے درمیان رہے گی۔