سانحہ 12 مئی کیس: سابق میئر کراچی وسیم اختر بری
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ 12 مئی کیس کی سماعت کے دوران سابق میئر کراچی وسیم اختر سمیت ایم کیو ایم کے کارکنوں اعجاز اور عمیر صدیقی کو بری کر دیا۔
روز نامہ امت کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ استغاثہ ملزمان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکا۔
استغاثہ کے مطابق وسیم اختر نے ایم کیو ایم کے مرکز پر میٹنگ کرکے روڈ بند کرنے اور دیگر ملزمان کو جلاو¿ گھیراو¿ کرنے کی ہدایت دی تھی تاہم عدالت نے ان دلائل کو ناکافی قرار دیا۔
وسیم اختر کے وکیل مشتاق اعوان ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کوئی شواہد نہیں ہیں کہ وسیم اختر نے میٹنگ کرکے ہنگامہ کرنے کا کہا ہو۔ ملزمان بے گناہ ہیں، انہیں بری کیا جائے۔
خیال رہے کہ سانحہ 12 مئی کے سلسلے میں ایئرپورٹ پولیس نے 2007 میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جس میں ہنگامہ آرائی اور جلاو گھیراوکے الزامات عائد کئے گئے تھے۔