یوم سیاہ :بھارتی یوم جمہوریہ پر آل پارٹیز حریت کانفرنس کا احتجاجی مظاہرہ

یوم سیاہ :بھارتی یوم جمہوریہ پر آل پارٹیز حریت کانفرنس کا احتجاجی مظاہرہ
یوم سیاہ :بھارتی یوم جمہوریہ پر آل پارٹیز حریت کانفرنس کا احتجاجی مظاہرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) بھارتی یوم جمہوریہ کے خلاف کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے آل پارٹیز حریت کانفرنس نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں کشمیری مرد و خواتین اور بچوں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرین نے بازوﺅں پر سیاہ پٹیاں اور ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے تھام رکھے تھے۔
کشمیری مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت جمہوری نہیں بلکہ ایک فاشسٹ ملک ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تمام انسانی حقوق سلب کر رکھے ہیں، بھارت کا جمہوریت کا راگ الاپنا دہرے معیار کا ثبوت ہے، بھارت نے اقلیتوں اور کشمیریوں سے زندہ ہونے کا حق بھی چھین رکھا ہے۔
مظاہرین نے کہا کہ بھارت سیکولر نہیں بلکہ اس وقت ہندوتوا کی سوچ پر چل رہا ہے، بھارت نے خواتین سمیت کشمیری قیادت کو کئی سالوں سے پابند سلاسل رکھا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کو قتل عام کا لائسنس دے رکھا ہے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا کہ بھارت دہشت گرد ریاست ہے لہٰذا دنیا بھارتی ریاست پر دہشت گردی کا مقدمہ چلائے، بھارت نے کشمیر نہیں بھارت میں اقلیتوں کو بھی ذبح کیا اسکے باوجود بھارت کو یوم جمہوریہ مناتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا اب جان چکی ہے اپنی آزادی کی جنگیں اپنے خون سے لڑنی پڑتی ہیں، محض اخلاقی اور سفارتی حمایت سے یہ مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، کشمیر کی آزادی کیلئے ہمیں ایک قدم آگے بڑھنا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر مشتاق نے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینے میں مزید تاخیر نہیں کر سکتا، عرب دنیا کو کشمیری عوام کے حقوق کا بھرپور خیال رکھنا چاہئے۔
ڈاکٹر مشتاق کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد عالمی برادری کی فوری توجہ کی مستحق ہے، مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے۔