یمن میں کارروائی ، محض چند گھنٹوں میں سعودی عرب اور اتحادی افواج کی اہم کامیابی ،ایئربیس کا کنٹرول واپس لے لیا
صنعاء(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب اور اتحادی افواج کو یمن میں حوثی باغیوں کیخلاف پہلی بڑی کامیابی مل گئی ہے اور محض چھ گھنٹوں میں ہی عدن کے ایئرپورٹ کا قبضہ چھڑاکر کنٹرول حاصل کرلیاہے ۔
عرب میڈیا کے مطابق بدھ کو ہوائی اڈے پرحوثی باغیوں نے قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد صدارتی کمپاؤنڈ پر میزائل بھی داغے گئے تھے تاہم حملہ ناکام ہوگیا۔ یمن اور سعودی فورسز نے ایئربیس پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں باغی وہاں سے جان بچاکر بھاگنے پر مجبور ہوگئے ۔
پاکستان کا بھی ساتھ دینے کااعلان ، عرب میڈیا کے تہلکہ خیز دعوے کی تفصیلات کیلئے یہاں کلک کریں ۔
صدر منصور ہادی کی وفادار فورسز نے سعودی عرب کی قیادت میں دس اتحادی ممالک کی حوثی شیعہ ملیشیا کے خلاف فضائی مہم کے آغاز کے چند گھنٹے کے بعد ہی یہ اہم کامیابی حاصل کی ہے ۔
یمن کے صدارتی دفتر کے ڈائریکٹر محمد مارم نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں حوثیوں کے خلاف آپریشن سے یمنی شہریوں کا اعتماد بحال ہوا ہے،صدر منصور ہادی کا عزم بلند ہے اور انہوں نے سعودی عرب سمیت خطے کے ممالک کا حوثیوں کے خلاف اس جنگ پر شکریہ ادا کیا ہے۔
سعودی عرب کی حوثیوں کے خلاف فضائی مہم کو ’فیصلہ کن طوفان‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس کے آغاز کے بعد حوثیوں کے متعدد ٹھکانوں کو لڑاکا طیاروں نے بمباری میں نشانہ بنایا ہے جن کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کے متعدد کمانڈر اور جنگجو مارے گئے ہیں۔