کیا سندھ میں کرفیو نافذ کیا جائے گا؟ صوبائی حکومت نے واضح اعلان کردیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں عید الفطر کے بعد کرفیو نافذ کرنے کے امکان کو مسترد کردیا گیا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے صوبے میں کرفیو کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عوام گمراہ کن خبروں پر کان نہ دھریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا کی روک تھام کے حوالے سے حکومت کا ساتھ دیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے عید کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے پر نظر ثانی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں کے دوران پاکستان میں کورونا کے کیسز اور اموات میں اضافہ ہوا ہے، عوام کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی جارہیں اس لیے عید کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے گی۔