"شوبز انڈسٹری میں سٹار کڈز سے زیادہ امیدیں لگائی جاتی ہیں" ،عنزیلہ عباسی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر اداکار جوڑی شمعون عباسی اور جویریہ عباسی کی صاحبزادی عنزیلہ عباسی کا کہنا ہے کہ "سٹار کڈز سے ضرورت سے زیادہ امیدیں لگائی جاتی ہیں۔"
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ و ماڈل عنزیلہ عباسی نے کہا کہ" شوبز شخصیات کی بیٹی ہونا فائدے مند بھی ہے،تاہم لوگ میرا موزانہ میری والدہ سے کرتے ہیں۔ لوگوں کو یہ توقع ہوتی ہے کہ اگر میری فیملی شوبز سے وابستہ ہے تو یقیناً میں بھی اداکاری یا گلوکاری میں بہترین ہونگی۔جتنی زیادہ توقعات لگائی جاتی ہیں اس سے ایک اداکار کو یہ ڈر ہوتا ہے کہ اگر وہ اس پر پورا نہ اترے اسی لیے خوف بڑھ جاتا ہے".
عنزیلہ نے شوبز میں اقرباء پروری کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ" اس سے ہمیں صرف موقع ملتا ہے لیکن باقی سب کام ہمارے اپنے ہوتے ہیں کہ ہم کتنا بہتر کام لوگوں کو دکھا سکیں یا ان کے معیار پر پورا اتر سکیں۔ "پروگرام میں عنزیلہ نے یہ بھی بتایا کہ "وہ جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں۔"