نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کے وفد کا دورہ سندر انڈسٹریل سٹیٹ
رائیونڈ (نامہ نگار) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (NIPA) کے تربیتی پروگرام کے تحت 14 سینئر سی ایس ایس افسران پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان کے روول ماڈل صنعتی زون سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد ملک میں صنعتی ترقی، انڈسٹریل اسٹیٹس کے نظم و نسق اور نجی شعبے کے کردار کو جانچنا تھا۔ وفد کو پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (PIEDMC) کے قیام، اہداف، وڑن اور قومی صنعتی ترقی میں ادارے کے کردار پر جامع بریفنگ دی گئی، جبکہ اس موقع پر ادارے کی کارکردگی اور مختلف انڈسٹریل اسٹیٹس میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر جنرل منیجر سندر اسٹیٹ محمد عارف نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے فروغ، مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، اور جدید انفراسٹرکچر پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ سندر اسٹیٹ ملکی صنعتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
دورے کے اختتامی مرحلے میں وفد نے سندر اسٹیٹ میں قائم عالمی شہرت یافتہ ادارے ٹیٹرا پیک کے صنعتی یونٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں وفد کو پیداواری عمل، ماحولیاتی تحفظ، اور معیار کی یقین دہانی سے متعلق امور پر آگاہ کیا گیا۔