آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے بڑا پاکستان میں کوئی لیڈر نہیں: گورنر پنجاب 

    آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے بڑا پاکستان میں کوئی لیڈر نہیں: گورنر پنجاب 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                        لاہور(این این آئی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے بڑا لیڈر پاکستان میں کوئی نہیں۔پیپلز پارٹی کمزور طبقے اور مظلوموں کی پارٹی ہے۔پاک فوج نے اپنے سے بڑے ملک کی فوج کو ناک آؤٹ کیا۔بلاول بھٹو نے مودی کو گجرات کا قصائی قرار دیا۔چین نے دفاعی سامان میں پاکستان کو خود کفیل کیا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے لاہور میں بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ  کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے جیالوں نے گورنر پنجاب کی آمد پر ان کا بھرپور استقبال کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے جس کے قائدین نے عوام کی خاطراپنے جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ اُنہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو پھانسی کے پھندے پر غریب کے لئے جھول  گئے۔گورنرپنجاب نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے دولت جاگیر داروں سے چھین کر غریبوں میں تقسیم کی۔گورنر پنجاب نے کہا میں کارکنوں کی تکلیفوں کو محسوس کرتا ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے کارکنان کے لئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ڈرائنگ رومز کی نہیں بلکہ کھلے میدانوں کو ترجیح دیتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو حلقے کے عوام نے ووٹ دیے مگر کہاں گئے ہمیں پتہ ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم نے پیپلزپارٹی کو پنجاب بھر میں مزیدمضبوط اورمستحکم کرنا ہے جس کے لئے سخت محنت کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آصف علی زرداری کے حالیہ چین کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔اُنہوں نے کہا کہ چین کاپاکستان کے دفاعی نظام کو مضبوط کرنے اور اسے خود کفیل بنانے میں کردار اہم ہے۔قبل ازیں گورنر پنجاب سردار سلیم سے گورنر ہاؤس لاہور میں انٹر نیشنل یونین آف رائٹرز کے چیئرمین زبیر احمد انصاری کی قیادت میں یونین کے وفد نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر سیلاب متاثرین کی مدد کرنے، میڈیکل کیمپس لگانے پر حوصلہ افزائی کرتے ہوئے یونین کے ممبران کو شیلڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا۔دریں اثناگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان میں تعینات آئرلینڈ کی پہلی خاتون سفیر مس او نیل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دونوں ممالک کے درمیان تجارت،ثقافت اور معاشی شعبوں کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  خاتون سفیر مس اونیل نے کہا کہ پاکستانی لوگ بہت محنتی،قابل اور جرات والے ہیں، پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، ثقافتی اور معاشی تعلقات کو فروغ دیا جائے گا۔

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -