شہباز شریف کی وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات

شہباز شریف کی وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن،نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف اورفیلڈ مارشل عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایک گھنٹے سے زائدوقت   تک ملا قا ت ہوئی، وزیر اعظم اورفیلڈ مارشل کی وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات گذشتہ رات اووول آفس میں ہوئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وائٹ ہاؤس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ یہ ملاقات واشنگٹن کے وقت کے مطابق شام 4:30 بجے (پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے) شیڈول تھی، لیکن اس میں تاخیر ہوگئی کیونکہ امریکی صدر ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی،صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو اوول آفس کا دورہ بھی کرایا،تینوں رہنماؤں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، تجارت، سکیورٹی تعاون، مئی میں ہونیوالی پاک بھارت جنگ اور مسئلہ کشمیر اورغزہ بحران سمیت عالمی و علاقائی صورتحال اور معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ذرائع کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سکیورٹی اور دفاعی امور پر امریکی حکام سے مشاورت بھی کی۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقات شروع ہونے سے قبل امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا فیلڈ مارشل عاصم منیر بہترین شخصیت کے مالک ہیں، امریکی صدر کا کہنا تھا وزیراعظم پاکستان بھی شاندار شخص ہیں۔ قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کیلئے واشنگٹن ڈی سی کے اینڈریوز ایئر بیس پہنچے تو وزیرِ اعظم کا ریڈ کارپٹ پر امریکی ایئر فورس کے اعلی عہدیدار نے استقبال کیااوربعدازاں وزیرِ اعظم کا موٹرکیڈ امریکی سکیورٹی کے حصار میں ایئربیس سے روانہ ہو کر وائٹ ہاؤس پہنچے۔ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ واپس روانہ ہو گئے۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس نے ملاقات کی اور صحت و ڈیجیٹل تبدیلی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے پاکستان میں حالیہ 2025 کے سیلاب کیلئے گیٹس فاؤنڈیشن کے فراخ دلانہ عطیے پر اظہارِ تشکر کیا اور 2022 کے سیلاب کے دوران فاؤنڈیشن کی نمایاں امدادی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔وزیراعظم نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے، حفاظتی ٹیکہ جات اور غذائیت میں بہتری، نیز مالی شمولیت کیلئے گیٹس فاؤنڈیشن کی قیمتی معاونت کو سراہا۔شہبازشریف نے زور دیا پولیو کے خاتمے کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رکھا گیا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے گیٹس فاؤنڈیشن کیساتھ شراکت داری نہایت اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے معاشی اصلاحات، کیش لیس ڈیجیٹائزیشن اور معیشت کی بحالی کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے گیٹس فاؤنڈیشن کے عملی، مثبت اور قیمتی تعاون کا خاص طور پر اعتراف کیا۔وزیراعظم اور بل گیٹس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحت، غذائیت، ڈیجیٹل تبدیلی اور ملک کی وسیع تر سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے مل کر کام جاری رکھا جائیگا۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائن پر ملاقات کی۔یہ ملاقات خوشگوار اور گرم جوش ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں باہمی تعاون کو کثیر الجہتی سطح پر فروغ دینے، بالخصوص تجارت، علاقائی روابط، اور عوامی سطح پر تعلقات کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا، وزیراعظم نے اس موقع پر باہمی عزت، رواداری، اعتماد اور خطے کی ترقی کے مشترکہ اہداف کی بنیاد پر تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔پروفیسر محمد یونس نے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے زور دیا دونوں ممالک کو باہمی تجارت، ثقافت، اور رابطہ کاری کو مزید فروغ دینا چاہئے۔

وزیراعظم ملاقاتیں 

مزید :

صفحہ اول -