10ماہ سے چیئرمین پی اے سی تعینات نہ ہوا، (ن )لیگ کے چیف وہپ کا پی ٹی آئی کو تیسرا خط
اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن ) حکمران جماعت کے چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے اپوزیشن کے غیر سنجیدہ رویہ کے خلاف پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگرکوتیسرا خط لکھ دیا۔
نجی ٹی وی "دنیا نیوز" کے مطابق ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے خط کے متن میں لکھا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تشکیل مسلسل التواءکا شکار ہے ، حکومتی اتحاد کی جانب سے چیئرمین پی اے سی کا انتخاب آئندہ ہفتے ہر صورت کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پہلے 2 خطوط میں آپ سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے لیے 4 ممبران کا پینل مانگا تھا۔
خط کے متن میں لکھا گیا کہ حکومتی اتحاد کی جانب سے چیئرمین پی اے سی کے انتخاب کے لئے سنجیدہ کوشش کی گئی، 4ناموں پر مشتمل پینل منگوانے کا فیصلہ حکومتی اتحاد کا مشترکہ ہے، حکومت چیئرمین پی اے سی کا عہدہ اپوزیشن کو دینا چاہتی ہے تاکہ خود احتسابی کاعمل صاف و شفاف رہے۔
ڈاکٹر طارق فضل چودھری کا خط میں کہنا تھا کہ 10 ماہ گزرنے کے باوجود اپوزیشن نے ابھی تک پینل نہیں بھجوایا، بطور حکمران جماعت چیف وہپ مجھ پر اتحادی جماعتوں کا دباؤ ہے، حکومت اور اتحادی چیئرمین پی اے سی کے لئے جلد از جلد انتخاب کا عمل مکمل کرنا چاہتے ہیں۔
خط میں مزید لکھا گیا کہ آپ کو ایک بار پھر آخری موقع کے طور پر گزارش ہے کہ 7 دن میں پینل بھجوایا جائے، اگر پینل 7 دنوں میں نہ بھیجا گیا تو حکومتی اتحاد مل کر چیئرمین پی اے سی کا فیصلہ کرے گا، پی اے سی کے چیئرمین کا انتخاب آئندہ ہفتے ہر صورت کیا جائے گا۔