میٹرک امتحانات میں نقل کی روک تھام کیلئے ایپلی کیشن متعارف کیاجائیگی،ضیاء اللہ بنگش
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کیمشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا میٹرک کے سالانہ امتحان میں نقل کی روک تھام ، سسٹم میں میرٹ اورشفافیت کو یقینی بنانے اور حکومت کی رٹ مضبِوط کرنے کیلئے پشاور میں سنٹرلائزڈ ایپلی کیشن متعارف کرے گی جس کی مدد سے میٹرک کے امتحانی ہالوں کی نگرانی کی جائیگی اور اس ٹیکنالوجی کو دیگرامتحانات میں صوبے کے دوسرے اضلاع تک بھی توسیع دی جائیگی۔ وہ میٹرک امتحانات 2019 کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں صوبے کے تمام بورڈز کے چیئرمینوں اور محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے ہدایات جاری کیں کہ تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز امتحانی ہالوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اورفعالیت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ نیامتعارف کردہ سافٹ وئیرآئندہ صوبے کے تمام بورڈز کے حوالے کیاجائیگا اور امتحانی ڈیوٹی کیلئے مقرر کردہ انسپکٹر اس ایپلی کیشن کے ذریعے امتحانی ہال کی رپورٹ پیش کرے گا۔ ضیاء اللہ بنگش نے ہدایت جاری کی کہ تمام پرچوں کیلئے صوبے کے تمام امتحانی ہالوں میں روزانہ کی بنیاد پر انسپکٹر تعینات کئے جائیں۔ انہوں نے امتحانی بورڈز کے چیئرمینوں کوسختی سے ہدایت کی کہ ڈرا میں منتخب شدہ اساتذہ ہر صورت میں امتحانی ڈیوٹی کریں گے اور بغیر کسی وجہ سے ڈیوٹی سے انکار کرنے والے اساتذہ کے خلاف ای اینڈ ڈی رولز کے تحت محکمانہ کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ جس کسی بھی امتحانی ہال کے متعلق غلط رپورٹ سامنے آئی تو اس متعلقہ سکول کے پرنسپل، سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے خلاف ای اینڈ ڈی رولز کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے اس امر پر بھی زوردیاکہ محکمہ تعلیم میں میرٹ شفافیت اوراصلاحات کے عمل پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا اور نقل کی روک تھام اور حقدارکو اس کا جائزہ حق ضرور ملے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی کیلئے منتخب شدہ انسپکٹرضرور انسپکشن کی ڈیوٹی کرے گا اور انکار کی صورت میں اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ مشیرتعلیم نے تمام بورڈز چیئرمینز کو ہدایات جاری کیں کہ ایف۔ اے، ایف ایس سی کے آئندہ امتحان میں سرکاری سکولوں اور پرائیویٹ سکولوں کے ہالوں میں طلباء کو مشترکہ طور پر بٹھایاجائیگا جس میں کچھ طلباء سرکاری ، کچھ پرائیویٹ سکولوں اور کچھ پرائیویٹ طور پر امتحان دنیے والے طلباء ہوں گے۔ جبکہ کچھ جگہوں پر سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے ہالوں کو بھی آپس میں بھی تبدیل کیاجائیگا اور یہ فیصلہ صوبے کے تمام کیڈٹ کالجز پر بھی لاگو ہوگا۔ ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ میٹرک امتحان کے دوران جائزہ کیلئے ایڈوائزر انسپکشن ٹیم بھی بنائی گئی ہے جوکہ امتحان کی نگرانی کرے گی۔ مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور ٹیکنالوجی متعارف کرنے سے سسٹم میں بہت بہتری آئیگی۔ انہوں نے کہاکہ میٹرک کے امتحانات میں بھی ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایاجائیگا جبکہ مستقبل میں بھی مختلف بورڈز کے درمیان سنٹرلائزڈ سافٹ ویئر متعارف کئے جائیں گے جس کی مدد سے محکمہ تعلیم کے زیرانتظام اداروں اور ٹیکسٹ بک بورڈ کے درمیان ربط مضبوط کیاجائیگا۔ انہوں نے طلباء ، والدین اور اساتذہ بشمول محکمہ تعلیم کے تمام سٹاف پر زوردیاکہ میرٹ اور شفافیت کے لئے حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔