پاکستان کے سرپرائز کے بعد بھارت کی 21 سیاسی جماعتوں نے مودی کے خلاف محاذ کھول دیا
نئی دلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کی جانب سے بھارت کو دیے جانے والے سرپرائز کے بعد بھارت کی 21 سیاسی جماعتوں نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں اپوزیشن جماعتوں نے مودی کو موجودہ حالات کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا ہے کہ مودی بھارتی فوج پر سیاست کر رہے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے بھارت کے 2 جنگی طیارے گرائے جانے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کیے جانے کے بعد بھارت کی اپوزیشن جماعتیں مودی سرکار کے خلاف متحد ہوگئیں۔ بھارت کی 21 اپوزیشن جماعتوں کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ انڈین نیشنل کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے پڑھ کر سنایا جس میں مودی پر فوج کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا ۔ اپوزیشن جماعتوں نے موجودہ صورتحال کا ذمہ دار بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو قرار دیا۔
اپوزیشن جماعتوں کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مودی نے اپنی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لیا اور اپنے طور پر پاکستان کے خلاف کارروائی کرنے نکل پڑے۔
دوسری جانب بی جے پی سے تعلق رکھنے والے بھارتی وزیر انسانی حقوق شری جاودیکر نے اپوزیشن کے الزامات کو سختی سے مسترد کردیا۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج کے معاملے میں کوئی سیاست نہیں ہورہی۔ اپوزیشن جماعتوں کے بیان سے کوئی بھارتی اتفاق نہیں کرے گا۔