خفیہ اداروں نے پنجاب میں دہشتگردی کے کئی منصوبے بے نقاب کردئے

خفیہ اداروں نے پنجاب میں دہشتگردی کے کئی منصوبے بے نقاب کردئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


شیخوپورہ(بیورورپورٹ) خفیہ اداروں نے پنجاب میں دہشت گردی کے خطرناک منصوبوں کابروقت سراغ لگا کر ان کو ناکام بنادیا ہے ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے مقامی سہولت کار حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنے پراب صوبائی دارالحکومت میں ایک ورکشاپ کھولنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے جہاں پر گاڑیوں کی مرمت کی آڑ میں دہشت گردی کیلئے ممکنہ طور پر گاڑیاں اور بارودی مواد چوری چھپے تیار کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے تعلیمی اداروں میں طالبعلم اور برقعہ پوش خاتون کے ذریعے دہشت گردی کا منصوبہ بھی تیار کیا تھا جس کا خفیہ اداروں نے بروقت سرا غ لگالیا اور اس بارے میں پولیس سمیت تمام قانون نافذکرنیوالے اداروں کو ہائی الرٹ کرکے اس منصوبہ کو ناکام بنادیا جس کے بعد اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کے باہر ایک سو میٹر کے فاصلے پر بلاتاخیر ریڑھیاں اور خوانچے لگانے پر پابندی عائد کردی جائے تاکہ ان ریڑھی بانوں جن میں سے زیادہ تر کا تعلق پٹھان قبائل سے ہوتا ہے کی آڑ میں کوئی دہشت گرد پناہ نہ لے سکے، اس ضمن میں محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے صوبہ بھر میں پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے جبکہ حکومت پنجاب نے این ایچ اے سے مطالبہ کیا ہے کہ موٹر وے پر مسافروں کو اتارنے اور چڑھانے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کریں ، ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ مطالبہ انسداد دہشت گردی کے لائحہ عمل کے سلسلہ میں کیا گیا ہے۔ باخبر ذرائع کاکہناہے کہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں موٹر وے کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا تھا اور اس ضمن میں ملنے والی رپورٹس کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ این ایچ اے موٹرو ے پر چلنے والی گاڑیوں کے عملے کو صرف منظور شدہ سٹاپس پر مسافروں کو اتارنے اور بٹھانے کی اجازت دیں۔