عالمی عدالت کے فیصلے کے بعد اسرائیل نے جنوبی افریقہ کے خلاف بڑا قدم اٹھا لیا
تل ابیب (ڈیلی پاکستان آن لائن )عالمی عدالت نے جنوبی افریقہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسرائیلی کیخلاف غزہ میں نسل کشی کا مقدمہ چلانے کا فیصلہ سنا دیا ہے ،جس کے بعد اسرائیلی نے بھی جوابی قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری ایئر لائن کی براہ راست پروازیں جنوبی افریقہ کیلئے پروازیں معطل کرنے کا اعلان کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ جوہانسبرگ کیلئے پروازیں مارچ کے آخر سے معطل رہیں گی۔ایئرلائن کا کہنا ہے کہ پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ آئی سی جے کیس کے تناظر میں جنوبی افریقہ جانے کی اسرائیلیوں کی ڈیمانڈ میں کمی آنے پر کیا ہے۔
یاد رہے کہ فیصلے میں کہا گیا کہ جنوبی افریقا نے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل پر اقوام متحدہ کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام لگایا تھا جس پر عدالت میں فریقین نے حمایت اور مخالفت میں دلائل بھی دیئے۔عالمی عدالت انصاف کی صدر جن کا تعلق امریکا سے ہے نے فیصلے میں کہا کہ اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کا مقدمہ سننا جینوسائیڈ کنونشن کے تحت عدالت کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ اسرائیل کی غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے الزامات میں سے کچھ درست ثابت ہوئے ہیں۔ جنوبی افریقا کے دلائل میں قانونی وزن ہے اس لیے اسرائیل کے خلاف کیس کو خارج نہیں کریں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ عالمی عدالت انصاف کو نسل کشی کے مقدمے کا حتمی فیصلہ سنائے بغیر بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا اختیار رکھتی ہے۔
عالمی عدالت نے اس اختیار کی بنیاد پر اسرائیل کو نسل کشی کے اقدامات سے بھی روکا اور اسرائیل کو نسل کشی پر اپنے فوجیوں کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کرنے کا حکم بھی دیا۔عالمی عدالت انصاف کی صدر نے فیصلہ سناتے ہوئے اسرائیل کو غزہ میں انسانی امداد کی رسائی میں رکاوٹ ختم کرنے کا حکم بھی دیا۔عالمی عدالت انصاف کی صدر نے کہا کہ فلسطینیوں کو انسداد نسل کشی کے قوانین کے تحت تحفظ ہے۔ اسرائیل کی فوج کشی سے شہری آبادی بری طرح متاثر ہوئی۔