پٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے تنگ افراد کے لئے خوشخبری، سورج کی روشنی سے چلنے والی کار آگئی

پٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے تنگ افراد کے لئے خوشخبری، سورج کی روشنی سے چلنے والی ...
پٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے تنگ افراد کے لئے خوشخبری، سورج کی روشنی سے چلنے والی کار آگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) پٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے تنگ آئے افراد کے لیے ایک خوشخبری آ گئی ہے کہ پہلی بار سورج کی روشنی سے چلنے والی کار متعارف کروا دی گئی ہے جو حیران کن طور پر ایک ری چارج میں 725کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس سے پہلے بھی سورج کی روشنی پر گاڑیاں بنانے کی کوششیں ہوتی رہیں تاہم بات پروٹوٹائپس سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ یہ پہلی گاڑی ہے جو مکمل طور پر تیار ہوئی ہے۔ اس گاڑی کا نام ’لائٹ ایئر ون‘ رکھا گیا ہے۔
لائٹ ایئر کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر لیکس ہوئف سلوٹ کا کہنا تھا کہ ”اس وقت دنیا میں کروڑوں کاریں ہیں جو ہر سال ساڑھے 9ٹریلین کلومیٹر فاصلہ طے کرتی ہیں۔ ان میں اکثریت ایندھن پر چلنے والی گاڑیوں کی ہے اور دنیا انہیں الیکٹرک بیٹریوں سے چلنے والی گاڑیوں کے ساتھ تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم ہم ان کی جگہ سورج کی روشنی سے چلنے والی کاریں لانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس میں کامیاب بھی ہو چکے ہیں۔“
رپورٹ کے مطابق اس گاڑی کے اوپر سولر پینلز لگائے گئے ہیں اور ان کی حفاظت کے لیے ان کے اوپر سیفٹی گلاس لگایا گیا ہے۔ یہ گاڑی انتہائی کم وقت بھی ان سولر پینلز کے ذریعے اپنی بیٹری ری چارج کر لیتی ہے اور صرف بیٹری پر ہی انحصارنہیں کرتی بلکہ براہ راست سولر پینلز پر بھی چلتی رہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ایک ری چارج میں 725کلومیٹر کا سفر کر لیتی ہے جس کا الیکٹرک بیٹریوں پر چلنے والی گاڑیوں کے مالکان بس خواب ہی دیکھ سکتے ہیں۔اس گاڑی کی قیمت 1لاکھ 70ہزار ڈالر (تقریباً 2کروڑ 74لاکھ روپے) تک ہو گی۔