پی ٹی آئی کے امجد زیدی اسپیکر اور نذیر احمد ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب
گلگت بلتستان(ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے امجد زیدی سپیکر اور نذیر احمد ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں جب کہ وزیر اعلیٰ کا انتخاب 28 نومبر کو کیا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سید امجد زیدی 18 ووٹ حاصل کرکے سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہوگئے، ان کے مد مقابل اپوزیشن اتحاد کے امیدوارغلام محمد 8 ووٹ حاصل کرسکے۔
تحریک انصاف کے ہی ایڈووکیٹ نذیر احمد 22 ووٹ لے کر ڈپٹی سپیکر منتخب ہوگئے جب کہ ان کے مقابل اپوزیشن کے رحمت خالق 9 ووٹ حاصل کرسکے۔
گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کا انتخاب 28 نومبر ہفتے کو کیا جائے گا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے لیے بیرسٹر خالد خورشید اور فتح اللہ خان کے نام شارٹ لسٹ کئے گئے تھے تاہم بیرسٹر خالد خورشید کے نام پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے کسی بھی امیدوار کو کم سے کم 17 امیدوار کی حمایت درکار ہوگی، 33 ارکان پر مشتمل ایوان میں پی ٹی آئی کے اپنے 22 اور اس کی اتحادی مجلس وحدت المسلمین کا ایک رکن ہے۔
اپوزیشن اتحاد کے ارکان کی تعداد 9 ہے جب کہ ایک آزاد رکن وزیراعلیٰ کے لیے ووٹ کاسٹ کرے گا، پیپلزپارٹی کے امجد حسین 2 نشستوں پر کامیاب ہوئے تھے لیکن وہ ایک ووٹ کاسٹ کرنے کے اہل ہیں۔