پہلا پاک چین کرکٹ میچ، پاک چائنہ گرین نے پاک چائنہ ریڈ کو شکست دے دی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) بدھ کو ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ہونے والا پاک چائنہ دوستانہ کرکٹ میچ اچھے مقابلے کے بعد پاک چائنہ گرین نے پاک چائنہ ریڈ کو 9 وکٹوں سے مات دے دی۔
پہلا پاک چین دوستی کرکٹ میچ 2023 چین میں جاری ہانگ زو ایشین گیمز میں کرکٹ کی واپسی کے پس منظر میں 72 سال پر محیط پاک چین تعلقات کی نئی جہت کا نشان بنا ہے۔یہ میچ چینی قونصلیٹ لاہور اور انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ (IIRMR) کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔ پاک چائنا کرکٹ ٹیم ریڈ کی قیادت لو جیانکسو نے کی اور پاک چائنا کرکٹ ٹیم گرین کی قیادت یاسر حبیب خان نے کی۔
اس اہم تقریب میں پاکستان کی جانب سے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف مہمان خصوصی تھے جبکہ چین کی جانب سے چین کے قائم مقام قونصل جنرل لاہور کاو کے مہمان خصوصی تھے۔
اس موقع پر پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ (آئی آئی آر ایم آر) کی جانب سے چینی شہریوں کو صحت مند کرکٹ ایونٹ میں شامل کرنے کے لیے یہ ایک بہت بڑا اقدام ہے۔ چینیوں نے کرکٹ میں گہری دلچسپی لینا شروع کر دی ہے اور ہم ان کی قومی کرکٹ ٹیم کو ہر وہ سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں جو انہیں درکار ہیں۔ ہم اپنی جدید ترین نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ان کا خیرمقدم کریں گے اور اپنے قابل کوچز اور ٹرینرز کے تحت انہیں کھیل کے چیمپئن میں تبدیل کرنے کی کوشش کریں گے۔
چین کے قائم مقام قونصل جنرل لاہور کاو کے نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک اور منفرد پہلو جو چین اور پاکستان کو متحد کرتا ہے وہ کرکٹ سے ہماری مشترکہ محبت ہے۔ آئی آئی آر ایم آر کے چیئرمین محمد مہدی نے کہا کہ آئی آئی آر ایم آر پاک چین تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لیے وقف ہے اور پہلے پاک چین دوستانہ کرکٹ میچ نے دونوں برادر ممالک کو مزید قریب آنے کا موقع فراہم کیا ہے۔